تحریک انصاف آزاد کشمیر کی مرکزی گورننگ باڈی کا وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی قیادت پر اعتماد کا اظہار

مظفرآباد (آئی اے اعوان) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کی مرکزی گورننگ باڈی نے وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا متحدہ اپوزیشن عدم اعتماد کا شوشہ چھوڑ کر بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے حکومت اپنی پانچ سال کی آئینی مدت پوری کرے گی ۔پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی زیر صدارت منعقد گورنگ باڈی کے میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا رواں ہفتے میں پارلیمانی بورڈ کی تشکیل اور امیدواروں سے درخواستیں لینے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ بلدیاتی انتخابات پی ٹی آئی کے منشور کا اہم حصہ ہے ہر صورت کرائیں گے۔ بلدیاتی الیکشن میں ہم تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو موقع فراہم کر کے نئی لیڈرشپ کے لیے ایک نرسری کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ آزادکشمیر کے نوجوانوں کو شراکت اقتدار بنائیں گے۔ گورننگ باڈی نے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی قیادت پراعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کے پوری پارٹی عمران خان کے نظریے کیساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ عمران خان صرف پاکستان کے نہیں بلکہ پوری مسلم اُمّہ کے لیڈر ہیں۔

گورننگ باڈی کا کہنا تھا کے اپوزیشن بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار حاصل کرنے کے لیے عدم اعتماد کے شوشے چھوڑ رہی ہے یہ بے وقت کی راگنی ہے۔ اسکی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت نہ صرف یہ پانچ سال پورے کرے گی بلکہ اب پاکستان اور آزادکشمیر کا سیاسی مستقبل صرف عمران خان کے چاہنے والوں کا ہے۔ پاکستان میں پنجاب ضمنی الیکشن کی کامیابی کے بعد وہاں پر بھی امپورٹڈ حکومت الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔اجلاس میں 29 ستمبر کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں کے حوالے سے کمیٹیاں تشکیل دی گئی اور کہا گیا کے آزادکشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ29 ستمبر مظفرآباد میں ہو گا۔ اس موقع ویراعظم ریاست جموں و کشمیر نے حکومتی اور انتظامی امور کی بمطابق حکومتی پالیسی انجام دہی کو یقینی بنانے،

مختلف وزارتوں سے متعلق امور میں حکومتی نمائندگان کے خدشات کو دور کرنے اور صوابدیدی ایڈ جسٹمنٹ کے حوالے سے تحفظات کو دور کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی جس کی سربراہی چوہدری اظہر صادق کریں گے جبکہ ممبران میں چوہدری مقبول گجر،چوہدری ظفر انور، راجہ منصور خان،میر عتیق احمد،چوہدری عامر نذیر اور سردار قاضی اسرائیل ہوں گے۔ کمیٹی انتظامی امور کو حکومتی پالیسی کے عین مطابق عملدرآمد پر مختلف محکمہ جات کے وزرا/ سربرہان کے ساتھ مشاورت سے فیصلے کر کے ان پر عمل درآمد میں نہ صرف معاونت فراہم کرے گی بلکہ وزیراعظم کو اپنی سفارشات بھی پیش کرے گی۔اجلاس کی اختتام پر سیلاب زدگان کے لیے دعا کی گئی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں