اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ریاستی وسائل کے بے دریغ استعمال اور کرپشن کرنے والوں کے خلاف بلاتخصیص کارروائی ہوگی۔آزادکشمیر میں سیاستدانوں اور پبلک آفس ہولڈر کے لیے احتساب کا سخت ترین نظام رائج کریں گے۔ریاست کے پچاس فیصد رقبے پر جو جنگلات ہوا کرتے تھے، وہ صرف پندرہ فیصد رقبہ تک محدود ہوگئے ہیں۔
سرکاری آفیسران اور سیاسی شخصیات نے مل کر جنگلات کو بے پناہ نقصان پہنچایا جسکی وجہ سے کلائیمیٹ چینج کے شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اسی طرح دیگر محکمہ جات میں بھی کرپشن ہو رہی ہے۔ ہم نے پبلک آفس ہولڈرز سے انکی انکم کے ذرائع لینے کا فیصلہ کیا ہے۔عمران خان کے عوامی خدمت کے مشن کی تکمیل کیلئے وزیراعظم بنا باقی میرے پاس اللہ کا دیا ہوا سب کچھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قائد اعظم کے بعد میرے خیال میں عمران خان ہی قوم کے لیے بہترین لیڈر ہیں۔ تعلیم اور صحت کے لیے انکے اقدامات ریکارڈ ساز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں آزادکشمیر کے فنڈز میں اضافہ کیا اور وہ آزادکشمیر کی تعمیروترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے تھے۔ سردار تنویر الیاس نے کہا کہ وفاقی حکومت نے آزادکشمیر کے فنڈز پر کٹ لگایا انہیں یہ سمجھنا چاہیے کہ آزادکشمیر ایک اہم اور حساس علاقہ ہے۔
ہماری یوتھ کی ایک بڑی تعداد بیروزگار ہے اور ہم کلی طور پر فنڈز کے لیے پاکستان پر انحصار کرتے ہیں۔ ہم انکے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا چاہتے تھے جسکے لیے ہمیں فنڈز درکار تھے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہمیں 74 بلین کی ویرایبل گرانٹ کی جگہ 59 بلین فراہم کی۔ پاکستان ہمارا بڑا بھائی اورہم اسکی سرحد وں کے محافظ ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں جب مسلم لیگ ن کی حکومت تھی اسوقت کے وزیراعظم عمران خان نے ان کے فنڈز میں اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے اسوقت ہمارے پاس 32ممبران ہیں۔ ہماری حکومت نے اب روزگار کی فراہمی اور تعمیر وترقی پر فوکس کر رکھا ہے۔ میری تارکین وطن سے اپیل ہے کہ وہ آئیں اور یہاں سرمایہ کاری کریں انکو حکومت سہولیات دے گی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں