اسلام آباد ( پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے سوشل میڈیا پر چلنے والی ان خبروں اورتبصروں کی سختی کے ساتھ تردید کی ہے کہ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان اسرائیل ریاست کو تسلیم کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی فلسطین اور اسرائیل کے حوالے سے پالیسی چیئرمین پارٹی عمران خان نے کئی مرتبہ بڑی صراحت کے ساتھ بیان کی ہے۔ پی ٹی آئی آزادجموں وکشمیر بھی اسی پالیسی پر کاربند ہے۔ چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا وہی موقف ہے جس کا اظہار قائداعظم محمد علی جناح نے 1948میں کیا تھا۔ چند ہفتے قبل عمراں خان نے پارٹی پالیسی بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل کو اس وقت تک تسلیم نہیں کیاجاسکتا جب تک فلسطینوں کو ان کا حق نہیں ملتا۔
ارشاد محمود نے کہا کہ پی ٹی آئی سمجھتی ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرناپاکستان کا مسئلہ کشمیر پر اپنے قومی اور اصولی موقف سے دستبرداری کے مترادف ہوگا۔ اسرائیل فلسطینوں پر بدترین مظالم ڈھارہاہے۔ باوجود اس کے کہ چند ایک عرب ممالک نے اسرائیل کو تسلیم بھی کیا ہے اور اس کے ساتھ تجارتی اور سفارتی مراسم بھی استوار کرلیے ہیں لیکن اس کے باوجود اسرائیلی مظالم میں کوئی کمی نہیں آئی۔ اسرائیل فلسطینی مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہاہے۔ اسرائیل کو فلسطینی قبول نہیں لیکن وہ امیر مسلمان ممالک کے ساتھ کاروباری اور سفارتی تعلقات قائم کرنا چاہتاہے۔
اسرائیل کا یہ طرزعمل پی ٹی آئی کو قبول ہے اور نہ سوادے اعظم کو۔ سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کے طول عرض میں عوام ہمیشہ فلسطینوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ کشمیری فلسطینوں کی جائز جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں