مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بدھ کے روز ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں ڈپٹی سپیکر نے ممبران اسمبلی دیوان غلام محی الدین، میاں عبدالوحید اور وقار احمد نور پر مشتمل پینل آف چیئرمین کا اعلان کیا۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے کہا کہ سب کو عہد کرنا ہوگا کہ ریاست کے حقوق کے لیے جدوجہد کریں گے۔
تیرہویں ترمیم کر کے راجہ فاروق حیدر اورانکی کابینہ نے جو کارنامہ سرانجام دیا اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔مجاہد اول نے ہماری سیاست میں بہترین روایات چھوڑی ہیں۔پنجاب کے عوام نے پی ٹی آئی کو کامیاب کیا۔ قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ مجالس قائمہ کے بغیر اسمبلی کی کارروائی مکمل نہیں ہوتی جس پر وزیر قانون نے ایوان کو بتایا کہ اسی اسمبلی اجلاس میں مجالس قائمہ بن جائیں گی۔وزیر بلدیات و دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاست میں رواداری ہے جو کہ بہت خوش آئند بات ہے، اپوزیشن ترقیاتی بجٹ کا معاملہ عدالت میں لیکر گئی حکومت نے ریاست کی ترقی و خوشحالی کے لیے فنڈز دیے، شاہ غلام قادر کو مسلم لیگ ن آزادکشمیر کا صدر بننے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر قانون سردار فہیم اختر ربانی نے کہا کہ بجٹ کے دوران ہم نے کوشش کی کہ اپوزیشن ایوان میں آکر اپنا کر دار ادا کرے لیکن اس اہم ترین مرحلے پر ایوان کو تالہ لگا دیا گیا۔
وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہا کہ بجٹ کے دوران اپوزیشن سے مذاکرات کر کے انہیں ایوان میں لانے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ نہیں مانے۔ سابق وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ حکومت کو مجالس قائمہ کا معاملہ لٹکانا نہیں چاہیے۔ ممبرا سمبلی نبیلہ ایوب نے کہا کہ ڈگری کالج چکار کی طالبات اسمبلی اجلاس کی کارروائی دیکھنے کے لیے یہاں موجود ہیں انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔وزراءحکومت دیوان علی خان چغتائی، عبدالماجد خان، فہیم اختر ربانی نے بھی ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ غلام قادر کو مسلم لیگ ن آزادکشمیر کا صدر بننے پر مبارکباد دی جس پر شاہ غلام قادر نے انکا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں مشیر اوقاف حافظ حامد رضا نے فیصل ممتاز راٹھور کی خالہ و دیگر وفات پا جانے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کروائی۔ ڈپٹی سپیکر نے اجلاس جمعرات کی صبح 10:30بجے تک ملتوی کر دیا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں