آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت بلدیاتی انتخابات کےانعقاد کا اعزاز حاصل کر رہی ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس

مظفرآبا د (آئی اے اعوان) وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخابات میں پنجاب کے ضمنی انتخابات کی طرح کلین سویپ کرے گی ۔آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ کی طرف سے15 اکتوبر سے قبل بلدیاتی انتخابات کرانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے موجودہ حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا اعزاز حاصل کرنے جارہی ہے

سپریم کورٹ کےفیصلہ کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کو مطلوبہ فنڈز مہیا کریں گے ۔آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کے گئے حکم پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے میڈیا سے گفتگو کے دوران دعویٰ کیا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات کی طرح تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں کلین سویپ کرے گی ۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد خطہ میں گڈ گورننس کا قیام ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ گڈ گورننس کے نفاذ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کررہے ہیں جس سے عام آدمی کے مسائل حل ہونگے اور ریاستی امور میں بہتری آئے گی۔ انکا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائیگا۔ حکومت آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کو مطلوبہ وسائل مہیا کریں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد اقتدار کو نچلی سطح پر منتقل کیا جائے تاکہ عام آدمی کے مسائل اسکی دہلیز پر حل ہو سکیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا کہ تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات کے لیے بھرپور انداز میں تیاری کر رہی ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں پنجاب کے ضمنی انتخابات کی طرح کلین سویپ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا کہ سرکاری افسران اور ملازمین عوام کی خدمت کے لیے مامور ہیں۔ عوامی مسائل کا حل ان کی ترجیحی ہونی چاہیے۔ سرکاری امور کی بہتری کے لیے پہلے سے ہی ایک جامع ضابطہ اخلاق طے کر لیا ہے۔ تمام سرکاری محکمہ جات کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔ عوامی شکایات کا فوری ازالہ کریں گے۔

عوام کی وزیراعظم سیکرٹریٹ تک آسان رسائی کے لیے موبائل اپلیکیشن تیار کی جارہی ہے جس کے ذریعے عوام ہمہ وقت وزیر اعظم تک رسائی حاصل کر سکیں گے اور انکے مسائل فوری طور پر حل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم گورننس کو بہتر بنا کر ریاست کی تعمیر و ترقی کے راستے پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا آزادکشمیر قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ان وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرتے ہوئے ہم اس خطہ کی تقدیر بدلیں گے۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close