مظفرآباد (پی این آئی) صدر آزاد ریاست جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ برطانیہ کے 9 بیرسٹرز پر مشتمل ایک ڈیفنس کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو سینئر قانون دانوں کی مشاورت سے بھارتی عدالت کو یاسین ملک کو دی گئی عمر قید کی سزا کو ختم کرانے کیلئے قانون مدد فراہم کرے گی۔
ایوان صدر مظفرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نےکہا کہ انکے دورہ آئرلینڈ اور بیلجیئم کامیاب رہا انٹرنیشنل کمیونٹی اب کشمیریوں کی بات سننا چاہتی ہے ان کے دورے کے دوررس اور مثبت نتائج جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ انھوں نے دورہ کے دوران دنیا کو مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے متعلق اصل حقائق سے آگاہ کیا مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالی پر بریفنگ دی، حریت رہنماء یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی طرف سے جھوٹے مقدمات میں عمر قیدر کی سزا کے حوالے سے بھی بات کی۔ اس سلسلے میں میں نے برطانیہ میں 9 بیرسٹرز پر مشتمل ایک ڈیفنس کمیٹی تشکیل دی جو برطانیہ میں سینئر قانوندانوں سے مشاورت کر کے انڈیا میں یاسین ملک کی رہائی کے حوالے سے قانونی مدد فراہم کرے گی۔ اسی طرح میں نے آئرلینڈ کا بھی خصوصی دورہ کیا کیونکہ بریکسٹ کے بعد برطانیہ یورپی یونین سے علیحدہ ہو چکا ہے اور آئرلینڈ یورپی یونین کا اہم رکن ہے اور اس کی مسئلہ کشمیر سے بھی بڑی مماثلت ہے لہذا میں نے آئرلینڈ میں وہاں کے ممبران پارلیمنٹ، ممبران یورپی پارلیمنٹ، تھنک ٹینکس اور دیگر اعلیٰ عہدیداران سے ملاقاتیں کر کے انہیں مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔
جبکہ میرے دورے آئرلینڈ کے دوران میں نے آئرلینڈ کی سٹی کونسل کولانگفرڈ کا دورہ بھی کیا وہاں پر میں نے لارڈ میئر سے ملاقات کی اس موقع پر کولانگفرڈ سٹی کونسل کی عمارت پر آزاد کشمیر کا جھنڈا لہرا دیا گیا۔ اسی طرح میں نے اپنے دورہ بیلجیئم میں یورپی یونین کے اعلیٰ عہدیداران، ممبران یورپی پارلیمنٹ، یورپی پارلیمنٹ کی انسانی حقوق کی چیئرپرسن، یورپی پارلیمنٹ کی امور خارجہ کمیٹی کے ممبران سمیت دیگر عہدیداران سے بھی ملاقاتیں کی اور انہیں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دی اور میں نے مطالبہ کیا کہ یورپی یونین کشمیر پر اپنا نمائندہ مقرر کرے۔ جبکہ بعد ازاں میں نے اپنے دورہ برطانیہ میں برطانیہ کے نو منتخب کونسلرز کے اجلاس سے بھی خطاب کیا اور ان کی آل پارٹیز کشمیر کمیٹی تشکیل دی جو وہاں پر مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اجا گر کرے گی۔ اسی طرح میں نے برطانوی پارلیمنٹ میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ سے بھی خطاب کیا اس موقع پر برطانوی ممبران پارلیمنٹ کی بڑی تعداد نے شرکت جہاں پر برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے مجھے یقین دلایا کہ وہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں حریت رہنماء یاسین ملک کی رہائی کے حوالے سے برطانوی وزیراعظم سے سوال کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر مظفرآباد میں ملکی، مقامی اور انٹرنیشنل پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صد ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ہمراہ وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد، وزیر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن دیوان علی چغتائی، وزیر خزانہ عبدالماجد خان، وزیر مال چوہدری محمد اخلاق بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں نے اپنا بیرون ممالک کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کیا جب مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے اور کشمیری عوام بھارت کی ظلم و بربریت کا مقابلہ کر رہے ہیں اور بھارت 5اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کر رہا ہے جس کے تحت وہ مسئلہ کشمیر کو ختم اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے اس سلسلے میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے لیے 42 لاکھ غیر ریاستی ہندوؤں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے ہیں جبکہ اسی طرح 4ہزار سے زائد غیر ریاستی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے نام پر مقبوضہ کشمیر میں زمین الاٹ کی جا رہی ہے اسی طرح مقبوضہ کشمیر میں حلقہ بندیاں تبدیل کر کے ایک ہندؤ وزیراعلیٰ لانے کی راہ ہموار کی جا رہی ہے جبکہ حال ہی میں بھارتی عدالت نے حریت رہنماء یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔
میں نے اپنے دورے کے دوران ملاقاتوں میں انٹر نیشنل کمیونٹی کو باور کروایا کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت ایک مشکل صورتحال ہے اور کشمیری عوام عالمی برادری سے امید لگائے بیٹھے ہیں کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریشہ دوانیوں میں انتہائی اضافہ ہو چکا ہے۔ لہذا انٹر نیشنل کمیونٹی کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں