مظفرآباد(پی این آئی)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یورپی پارلیمنٹ میں انسانی حقوق کمیٹی کی چیئرپرسن ماریہ ایرینا (Maria Arena)، یورپی پارلیمنٹ میں فارن ریلیشن کمیٹی کے ممبر برن ہارڈ زیمنیوک (Bernhard Zimniok)، فرانس سے ممبر یورپی پارلیمنٹ ورجینی جورون(Virginie Joron) سمیت دیگر ممالک کے ممبران یورپی پارلیمنٹ اور یوپی یونین کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقاتیں کر کے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ یورپی یونین کشمیر پر اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کرے تاکہ وہ مقبوضہ کشمیر کی ساری صورتحال کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ یورپی یونین اور یورپی پارلیمنٹ کو پیش کرے۔
اس کے ساتھ یورپی پارلیمنٹ انٹراء کشمیر ڈائیلاگ کا بھی اہتمام کرائے اور بھارت اور پاکستان کے درمیان مذاکرات شروع کرانے کے لیے بھی اپنا رول ادا کرے۔ اسی طرح یورپی یونین مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری ظلم و بربریت رکوانے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے کے لیے بھی اپنا کردار ادا کرے۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ان ملاقاتوں میں مزید کہا کہ اب جبکہ برطانیہ بریکسٹ سے نکل چکا ہے تویورپی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر کمیٹی اس طرح سے اپنا فعال کردار ادا نہیں کر رہی لہذا اس کی تشکیل نو کی جائے اسی طرح یورپی پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر بنانے کا اعلان کیا جائے تاکہ مسئلہ کشمیرکے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی رکوانے سمیت حال ہی میں حریت رہنماء یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی طرف سے جھوٹے مقدمات میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے
اس پر بھی یورپی یونین اور یورپی پارلیمنٹ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے یاسین ملک کی رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ کشمیری عوام کو یورپی یونین سے بڑی توقعات وابستہ ہیں اور اب جبکہ مسئلہ کشمیر ایک اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی بالخصوص یورپی یونین مسئلہ کشمیر کے حل، مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقو ق کی پامالی رکوانے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے کے لیے اپنا اہم کردار ادا کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں