مظفرآباد (آئی اے اعوان) جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب وزیر اعظم ہاؤس کی سیکورٹی میں مبینہ کوتاہی کی تصدیق ہوگئی ۔ایک نامعلوم شخص سیکورٹی کوجل دے کر وزیر اعظم کے کمرے تک پہنچ گیا ۔وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے بروقت نوٹس لینے پر نا معلوم شخص بھاگ نکلا اورفرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ترجمان ڈاکٹر عرفان نےاس واقعہ کی تصدیق کر دی ہے ۔
وزیراعظم ہاؤس مظفرآباد میں نامعلوم شخص سخت ترین سیکورٹی حصار کے باوجود وزیر سردار تنویر الیاس کے بیڈ روم تک کیسے پہنچا اور پھر اچانک فرار ہو گیا ؟اس واقعہ سے بالآخر پردہ اٹھ گیا ۔اس واقعہ کے بعد وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی کو انکے عہدے سے ہٹا کر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن سید شاہد محی الدین کو تبدیل کرکے پرنسپل سیکرٹری مقرر کرنے اور پھر دو ڈی آئی جی معطل کرنے کی اطلاعات نے واقعہ کی کڑیاں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ سے جڑ گئیں۔ آزادکشمیر پولیس کے دو ڈی آئی جی کی معطلی کا سرکاری نوٹیفکیشن تو سامنے نہ آسکا البتہ وزیراعظم کے ترجمان نے ایک نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد وزیر اعظم کا تمام سیکورٹی سٹاف تبدیل کر دیا گیا اور واقعہ کی اعلی سطحی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس انتہائی اہم علاقے میں واقع ہے اوریہاں سیکورٹی لیپس ممکن نہیں ۔ واقعہ کے وقت سیکورٹی کیمرے اور خودکار سیکورٹی نظام کو غیر مؤثر ہونا اس جانب اشارہ کر رہا ہے کہ کوئی اندر کا آدمی ملوث ہو سکتا ہے وزیر اعظم کو پہلے سے بھی سیکورٹی خطرات کا سامنا ہے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں