مظفرآباد (آئی اے اعوان) آزادکشمیر کے دارالحکومت میں پٹواری حلقہ دومیل کے دفتر میں درخواست گزار سے مبینہ طور پر رشوت کی وصول کرنے سے متعلق سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوتے ہی وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس نے سختی سے نوٹس لے لیا پٹواری سعید عباسی اور محکمہ تعلیم کا ملازم عمران کیانی کو معطل کردیا گیا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مظفرآباد کو انکوائر ی افسر مقرر کر دیا گیا
مظفرآباد کے حلقہ دومیل کے پٹواری کے دفتر میں رشوت لینے کی مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی وزیر اعظم سردار تنویر الیاس نے سخت نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری کو معاملہ کی چھان بین اور ذمہ داروں کےفوری کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے وزیر اعظم کے احکامات کی روشنی میں سیکرٹری سروسز اور کمشنر مظفرآبادڈویژن نے معاملہ کی ابتدائی تحقیقات کرتے ہوئے ویڈیو میں نظر آنے والے کردارمتعلقہ پٹواری کے خلاف فوری کارروائی کی پٹواری حلقہ سعید عباسی اور واقعہ میں ملوث محکمہ تعلیم کے ملازم عمران کیانی کوملازمت سے فوری معطل کردیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) مظفرآباد کوانکوائری آفیسر مقررکیاگیا۔پٹواری حلقہ سے ریکارڈ ضبط کرتے ہوئے متبادل پٹواری تعینات کرکے اُس کے حوالہ کردیا۔کمشنر مظفرآبادڈویژن اور ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے محکمہ مال سے متعلق شکایات پرکارروائی کرتے ہوئے جملہ عملہ فیلڈ کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ وہ اپنے دفاتر میں کسی بھی غیر متعلقہ فرد کو کسی کام کے بغیر بیٹھنے کی ہرگز اجازت نہ دیں اور محکمہ مال سے متعلقہ کاغذات اراضی کی نقولات کی مقررہ فیس کے نوٹیفکیشن اپنے دفاتر کے باہر،ضلعی دفاتر اور تحصیل دفاتر کے باہر آویزاں کریں اور ریونیو آفیسرز اسسٹنٹ کمشنرز،تحصیلدار اور نائب تحصیلداران عملہ فیلڈ کی کارکردگی کابراہ راست جائزہ لیں اور رشوت ستانی اور اخذ ناجائز کی شکایات پر متعلقہ اہلکار کیخلاف فوری انضباطی کارروائی عمل میں لائیں۔
کمشنر مظفرآبادڈویژن نے ڈپٹی کمشنرز کوہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے دفاترمیں عوامی مسائل اورشکایات کی اندراج وسماعت کیلئے خصوصی سیل قائم کریں اور دفتری اوقات کارمیں اس سیل میں شکایات/مسائل کی سماعت کیلئے متعلقہ عملہ کی دستیابی یقینی بنائیں۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں