یاسین ملک کو عمر قید، وزیر اعظم آزاد کشمیر کا معاملہ عالمی فورم پر لانےکا اعلان، تما م اخراجات حکومت آزاد کشمیر برداشت کرے گی

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے تحریک آزادی کشمیر کے راہنما یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی جانب سے دی جانے والی عمر قید کی سزا کے خلاف مقدمہ عالمی فورمز پر لانے کا اعلان کیا ہے،اس حوالے سے اٹھنے والے تمام اخراجات آزادکشمیر حکومت برداشت کرے گی۔مقدمہ عالمی عدالت انصاف میں اٹھانے کے لیے بین الاقوامی قوانین کے ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔میڈیا کے ساتھ بات چیت کے دوران سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ یاسین ملک نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے گراں قدر قربانیاں دی ہیں،قید وبند کی صعوبتیں اور کٹھ پتلی عدالتوں کی سزائیں ان کے لیے نئی نہیں،ان کا مشن آزادی ہے جس کے لیے وہ اپنا سب کچھ وقف کیے ہوئے ہیں۔آزادکشمیر حکومت یاسین ملک کو دی جانے والی سزا کسی صورت قبول نہیں کرے گی اور اس سزا کے خلاف بین الاقوامی سطح پر دستیاب ہر فورم پر معاملہ اٹھایا جائے گا۔

مقدمے پر اٹھنے والے تمام اخراجات حکومت آزادکشمیر برداشت کرے گی،عالمی عدالت انصاف سمیت بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں سے بھی رجوع کیا جائے گا۔سردار تنویر الیاس خان نے او آئی سی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادکشمیر حکومت یاسین ملک کے ساتھ کھڑی ہے،یاسین ملک پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں اور انہوں نے بندوق طویل عرصہ پہلے چھوڑ دی تھی،یاسین ملک اجتماعی کشمیری ضمیر کی آواز ہیں۔حسینی کردار کے حامل یاسین ملک کی مزاحمت نے دنیا بھر کے آزادی پسندوں کو جدوجہد کا نیا راستہ دکھایا ہے۔کشمیری عوام کی 73سالہ جدوجہد آزادی یاسین ملک کی قربانی سے کامیابی کی طرف گامزن ہوئی ہے اور اسے نئی زندگی ملی ہے۔سردار تنویر الیاس خان نے دو ٹوک اور واضح انداز میں کہا ہے کہ آزادکشمیر حکومت یاسین ملک کا مقدمہ دنیا کے ہر فورم پر لڑے گی،اس حوالے سے آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں اور تحریک حریت کی قیادت متحد اور متفق ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close