ثقافتی سرگرمیاں کسی بھی معاشرے میں مثبت رجحان پیدا کرتی ہیں، صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ پر زور

کھوئیرٹہ (پی این آئی)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ثقافتی سرگرمیاں کسی بھی معاشرے میں مثبت رجحان پیدا کرتی ہیں۔ لہذا ان سرگرمیوں کے فروغ کے لئے حکومتی اور نجی سطح پر اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے۔کھوئیرٹہ میرا دوسرا گھر ہے میں جب بھی یہاں آتا ہوں تو عوام سے مجھے بھرپور پذیرائی ملتی ہے جس پر میں کھوئی رٹہ کی عوام کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔

 

یہاں سے مجھے لائن آف کنٹرول بھی نظر آرہی ہے اور لائن آف کنٹرول کے اُس پار مودی سرکار مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنے اور مسئلہ کشمیر کو ختم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ اس سلسلے میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لئے بیالیس لاکھ غیر ریاستی ہندوؤں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے ہیں جبکہ چار ہزار سے زیادہ بھارتی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں زمین الاٹ کی جا رہی ہے۔ اسی طرح مقبوضہ کشمیر میں حلقہ بندیاں تبدیل کی جا رہی ہیں تاکہ ایک ہندؤ وزیر اعلیٰ کو لانے کی راہ ہموار کی جا سکے۔ اسی طرح مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر ظلم و بربریت کی انتہاء کر دی ہے یہاں تک کہ حریت رہنماء یاسین ملک جو ایک طویل عرصے سے بھارتی جیلوں میں پابند سلاسل ہیں اُن پر جھوٹے مقدمات بنائے گے ہیں جس پر میں انٹرنیشنل کمیونٹی سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔ میں لائن آف کنٹرول کے قریب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں۔

 

آزادی کے بیس کیمپ کا بچہ بچہ اُن کی جدوجہد میں اُن کے شانہ بشانہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں کھوئیرٹہ میں بیساکھی میلے کی سالانہ افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرتقریب سے وزیر صحت انصر ابدالی،مشیر حکومت چوہدری رفیق نیئر، وزیر مال چوہدری اخلاق احمد، وزیر ہائیر ایجوکیشن ظفر ملک اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس سے قبل جب صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری بیساکھی میلے کی تقریب میں شرکت کے لئے کوٹلی سے کھوئیرٹہ پہنچے تو اُن کا فقید المثال استقبال کیا گیا، انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گے، اُن پر گلپاشی کی گئی۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو مختلف محکموں اور مقامی سماجی تنظیموں کی طرف سے لگائے گے سٹالز کا معائنہ کرایا گیا۔ اس موقع پر بیساکھی میلے کی تقریب میں نیزہ بازی، کبڈی، گھوڑوں کا رقص اور دیگر ثقافتی پروگرامز بھی پیش کیے گے۔ اس موقع پر وزیر صحت ڈاکٹر انصر ابدالی نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو خصوصی شیلڈ بھی پیش کی۔

 

اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں آج یہاں کھوئیرٹہ میں آکر بے حد خوشی محسوس کر رہا ہوں اور میں یہاں اس بیساکھی میلے کے منتظمین کو خصوصی طور پر مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے یہاں میلے کے انعقاد کے لئے بہترین انتظامات کیے ہیں۔ اس بیساکھی میلے کے انعقاد سے جہاں کھوئیرٹہ اور بالخصوص پورے آزادکشمیر میں ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم حکومتی سطح پر بھی ایسی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اقدامات اُٹھائیں گے جبکہ نجی شعبے کو بھی اس سلسلے میں آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنی تہذیب، ثقافت،کلچر کو زندہ رکھتی ہیں تاکہ آنے والی نسلیں اپنی تاریخ اور ثقافت سے واقفیت حاصل کر سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close