نریندر مودی کے مقبوضہ کشمیر کے دورے پر آزاد کشمیر میں زبردست احتجاج، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی اپیل پر دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی اپیل پر ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کے مقبوضہ کشمیر کے دورہ کے موقع پر ریاست کے دونوں اطراف کے کشمیریوں اور دنیا بھر میں آباد کشمیریوں نے یوم سیاہ منایا۔اس حوالہ سے آزادکشمیر کے تمام ڈویژنل و ضلعی ہیڈکوارٹرز پر احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کیے گئے۔ یوم سیاہ کے موقع پر آزادکشمیر کے بیس کیمپ دارلحکومت مظفرآباد میں ایک بہت بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ یوم سیاہ کے حوالہ سے نکالی گئی احتجاجی ریلی کی قیادت وزیر حکومت خواجہ فاروق احمد، پیپلز پارٹی کے رہنماء شوکت جاوید میر، مشتاق الاسلام،عزیر غزالی اور دیگر نے کی۔

اس موقع پر احتجاجی ریلی میں مہاجرین جموں وکشمیر، ملازمین، تاجر، وکلاء،میڈیا، اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے شرکت کی۔ یوم سیاہ کے حوالہ سے نکالی گئی ریلی برہان وانی چوک سے شروع ہوئی اور گھڑی پن چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آزادکشمیر کے وزیر حکومت خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ آج ہم آزادی کے بیس کیمپ دارالحکومت مظفرآباد میں احتجاج کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری کو باور کروانا چاہتے ہیں کہ نریندر مودی 5اگست کے ظالمانہ اقدام مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد پہلی بار مقبوضہ کشمیر میں اپنے ناپاک قدم رکھ رہا ہے۔

یوم سیاہ کے موقع پر ہم بین الاقوامی برادری خصوصا امریکہ او ربرطانیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جیسے روس یوکرین جنگ میں امریکہ اور برطانیہ نے روس کے ساتھ تعلقات ختم کر دیے ہیں ایسے ہی ہندوستان کے ساتھ تعلقات ختم کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب کشمیریوں کی بات ہوتی ہے تو عالمی برادری کا دہرا معیار سامنے آجاتا ہے۔ خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری ہندوستان پر دباؤ بڑھائیں تاکہ وہ کشمیر یوں کو ان کا حق، حق خودارادیت دے۔ انہوں نے کہا کہ آج سرینگر میں کرفیو نافذ ہے اور مکان جلائے جا رہے ہیں َ خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت لوگوں کا معاش تباہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ ہندوستان کے خلاف آواز نہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم آج اس موقع پر پاکستان کے اداروں اور پاکستانی عوام کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیشہ کشمیریوں کی حمایت کی ہے۔ خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کا مقبوضہ کشمیر کا دورہ کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہو گا۔ مقررین نے کہا کہ ہندوستان کا مکروہ چہرہ اب دنیا میں بے نقاب ہو چکا ہے۔

مقررین نے عالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ، امریکہ، برطانیہ اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہندوستان پر اپنا دباؤ بڑھائیں تاکہ وہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دے اور استصواب رائے کروائے۔ احتجاجی ریلی سے پیپلز پارٹی کے رہنماء شوکت جاوید میر، مشتاق الاسلام، عزیر غزالی، یاسر نقوی اور ددیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ ریلی کے اختتام پر مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے دعا بھی کی گئی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں