جاتلاں، پٹہکہ، گڑھی دوپٹہ، تتہ پانی، ارجہ، چڑھوئی، عباسپور، بلوچ میں نئے گرڈ اسٹیشنزکے قیام کا فیصلہ، وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت محکمہ برقیات و آبی وسائل کا جائزہ اجلاس

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت محکمہ برقیات و آبی وسائل کا جائزہ اجلاس، جاتلاں، پٹہکہ، گڑھی دوپٹہ، تتہ پانی، ارجہ، چڑھوئی، عباسپور، بلوچ میں نئے گرڈ اسٹیشنز کے قیام کا فیصلہ۔ اجلاس میں وزیربرقیات چوہدری ارشد حسین، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، سیکرٹری برقیات چوہدری طیب سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو سیکرٹری برقیات کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ گزشتہ چھ کے دوران آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے دونوں چیف انجینئرآفسز میں مانیٹرنگ کیلئے سپیشل سیل قائم کیا گیا ہے۔ چکسواری، کہوٹہ اور کھوئی رٹہ میں ٹرانسفارمر ورکشاپس قائم کی گئیں جبکہ ہٹیاں اور ہجیرہ میں ورکشاپس زیر تعمیر ہیں۔ گزشتہ چھ ماہ کے دوران اٹھمقام اور سہنسہ کے مقام پر گرڈ اسٹیشنز کے سنگ بنیاد رکھے گئے جن کی تعمیر کا کام جاری ہے جبکہ سماہنی گرڈ اسٹیشن پر بھی جلد کام شروع کیا جائے گا۔ گزشتہ چھ ماہ کے دوران محکمہ برقیات نے 461نئے ایچ ٹی پولز اور1708ایل ٹی پولز لگائے گئے جبکہ 45نئے ٹرانسفارمر لگائے گئے۔ 11کے وی کے 8فیڈرز تعمیر کیے گئے۔ محکمہ برقیات نے رواں مالی سال کیلئے ریونیو ہدف 12143ملین روپے مقررکیا ہے جبکہ صرف سات ماہ میں ہی 10792ملین ریونیو حاصل کر لیا گیا ہے۔ سیکرٹری برقیات نے ہائیڈر و پاور پوٹینشل کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آزادکشمیر میں 83ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کی گنجائش ہے جن کی صلاحیت8 ہزار 535میگا واٹ ہے جبکہ ان میں سے 28منصوبے مکمل ہو گئے ہیں جن کی استعداد2634میگا واٹ ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ تاروں اور ٹرانسفارمرز کی مرمتی کے عمل کو مزید بہتر اور تیز بنایا جائے،

حکومت کی جانب سے فنڈز کی کوئی کمی نہیں، عوام تک سہولیات پہنچنی چاہیے،محکمہ برقیات اپنے نظام میں جدت لائے۔ انہوں نے کہاکہ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں اور فالٹ کی صورت میں مرمتی کے عمل کو تیز کیا جائے اس حوالہ سے لوگوں کی شکایات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی، رمضان المبارک میں لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں، چیف انجینئر اور دیگر افسران خود نگرانی کریں۔ گرمیوں کے حوالہ سے خصوصی پلان بنایا جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں