وزیراعظم آزاد کشمیر نے ریاست کے میگا پراجیکٹ کشمیر ہائی وے کی فیزیبلٹی رپورٹ کی منظوری دیدی

مظفرآباد (پی آئی ڈی ) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ریاست کے میگا پراجیکٹ کشمیر ہائی وے کی فزیبلٹی رپورٹ کی منظوری دے دی، کشمیر ہائی وے کے منصوبے پر 26ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی 122کلو میٹر کشمیر ہائی وے مظفرآباد سے ڈڈیال تک تعمیر کی جائے گی، جو آزادکشمیر کے 7اضلاع سے گزرے گی، کشمیر ہائی وے پر 8 چھوٹی ٹنلز بھی تعمیر کی جائیں گی جن کی کل لمبائی 5کلومیٹر ہو گی کشمیر ہائی وے پر مختلف مقامات پر ٹورازم اور پکنک پوانٹس بنائے جائیں گے،

اجلاس میں سیکرٹری ورکس،چیف انجینئر،کنسلٹنٹ فرم کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر کو کشمیر ہائی وے کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ کشمیر ہائی وے کی تعمیر کا بنیادی مقصد آزاد کشمیر کے تمام اضلاع کو آپس میں ملانا ہے، کشمیر ہائی وے کی تکمیل سے جہاں مختلف اضلاع کے درمیان رابطہ ہو گا وہاں عوام کو معیاری سفری سہولت بھی میسر ہو گی اور مختلف اضلاع کے درمیان سفر بھی کم ہو جائے گا۔یہ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، اس منصوبے کی تکمیل سے روز گار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے، معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی،خاص طور پر آزاد خطہ کے اندر سیاحت کو فروغ ملے گا۔آزادکشمیر کے سیاحتی مقامات پرآنے والے مہمان سیاحوں کو بہتر سفری سہولیات میسر ہوں گی اور سیاحوں کو مزید آسانیاں ملیں گی۔

کشمیر ہائی وے سے مظفرآباد،باغ،پونچھ،سندھنوتی،میرپور اور کوٹلی کے لاکھوں افراد مستفید ہوں گے اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔یہ منصوبہ آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہو گا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close