وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت جائزہ اجلاس، رٹھوعہ ہریام پل کے منصوبہ میں تاخیرپر بریفنگ

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں رٹھوعہ ہریام پل کے منصوبہ میں تاخیر پر وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں چیف سیکرٹری شکیل قادر خان، سیکرٹری ورکس و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پی سی ون کے تحت رٹھوعہ ہریام پل کا تخمینہ ساڑھے 6ارب روپے تھے تاہم تاخیر کی وجہ سے اب اس کی لاگت ساڑھے 10ارب روپے ہو گئی ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پی ٹی آئی نے میرپور کے عوام سے رٹھوعہ ہریام پل کی تکمیل کا وعدہ کر رکھا ہے، اس منصوبے کی تکمیل بہر صورت یقینی بنائیں گے،منصوبے کی فوری طور پر حتمی منظوری حاصل کی جائے تاکہ مزید لاگت نہ بڑھے،رٹھوعہ ہریام پل کی تکمیل کے لیے وفاقی سطح پر مجاز فورمز سے رابطہ کر کے منصوبے کی تکمیل کے لیے موثر اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے جائیں، اگر یہ میگا پراجیکٹ مزید تاخیر کا شکار ہوا تو اس کی لاگت مزید بڑھ جائے گی جس کا نقصان قومی خزانے کو برداشت کرنا پڑے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close