اسلام آباد میں کشمیر ریلی آج ہو گی، آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں اور مکاتب فکر کے رہنما شریک ہوں گے

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) آج بروز جمعرات24 فروری کو دن 11:00 بجے نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے ڈی چوک تک کشمیر ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمو چوہدری نے 30جنوری کو آزادی کے بیس کیمپ کے سیاسی قائدین کی ایک آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں بلائی تھی۔

جس میں مسئلہ کشمیر کو اندرون اور بیرون ملک جارہانہ انداز میں اٹھانے کے لیے اہم فیصلہ جات کیے گئے تھے۔ اس آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں پہلے مرحلے میں آج بروز جمعرات24 فروری کو دن 11:00 بجے اسلام آباد میں ایک بڑی کشمیر ریلی منعقد کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ریلی میں شرکت کے لیے آزاد کشمیر بھر سے قافلے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو چکے ہیں جو صبح 11بجے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اکٹھے ہوں گے۔ اس کشمیر ریلی میں آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے علاوہ تمام مکتبِ فکر کے لوگ بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

ریلی کے انعقاد کے سلسلے میں تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ اس کی تیاریوں کے سلسلے میں ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں جمعیت علمائے اسلام آزاد کشمیر کے زیر اہتمام آزاد کشمیر اور اسلام آباد کے علماء کے ایک وفد نے بھی صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات کر کے ریلی میں شرکت کے حوالے سے اپنی حمایت کا یقین دلایا۔ جبکہ کے بعد ازاں صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے آل پارٹیز کشمیر کو آرڈنیشن کمیٹی کے اراکین نے بھی ملاقات کی اس موقع پر اجلاس میں ریلی کے حوالے سے قواعد و ضوابط اور ضابطہ اخلاق پر اہم فیصلے کیے گئے۔

جس کے مطابق ریلی میں صرف آزاد کشمیر کا جھنڈا ہو گا اور کسی بھی ذاتی نعرے پر مشتمل کوئی بھی پوسٹر، بینریا پلے کارڈ نہیں ہو گا۔ بعد ازاں صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اسلام آباد کے نواح میں بہارہ کہو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 24 فروری کو منعقد ہونے والی کشمیر ریلی ایک تاریخی اہمیت کی حامل ہو گی لہذا میں آپ لوگوں سے بھرپور اپیل کروں گا کہ آپ اس ریلی میں شرکت کر کے مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور ثابت کر دیں کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ آزادی کی بیس کیمپ کا بچہ بچہ ان کی اس جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہے۔ لہذا آپ لوگ اس ریلی میں بھرپور انداز میں شرکت کریں اس موقع پر تقریب سے جاوید چوہدری، راجہ شیراز کیانی، راجہ عامر نواز، نسیم نون اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close