آزاد کشمیر کے سرکاری ہسپتالوں، ڈاکٹروں کی روایتی غفلت کا سخت نوٹس، وزیر اعظم آزاد کشمیر نے محکمہ صحت کا اجلاس رواں ہفتے طلب کر لیا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے آزادکشمیر بھر کے سرکاری ہسپتالوں اور ڈاکٹروں کی روایتی غفلت سے متعلق عوامی شکایات پر سختی سے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کا اجلاس رواں ہفتے طلب کر لیا ہے جس میں محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔محکمہ صحت سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں آزادکشمیر بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں عوام الناس کو درپیش مشکلات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی معیاری سہولیات کی فراہمی،طبی عملہ کی بروقت حاضری اور سرکاری ہسپتالوں کا نظام بہتر بنانے کے لیے حکمت عملی کا جائزہ لیا جائے گا۔

عوامی وفود سے گفتگو کے دوران وزیراعظم آزادکشمیرسردار عبدالقیوم نیاری نے کہا کہ آزادکشمیر بھر کے سرکاری طبی مراکز سے متعلق عوام کی شکایات ہیں، صحت کی سہولیات عوام الناس کا بنیادی حق ہے، حکومت صحت کے شعبہ پر خطیر بجٹ صرف کر رہی ہے ڈاکٹرز کی لاپرواہی کی شکایات عام ہیں جو ناقابل برداشت ہیں۔ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ جس بھی سرکاری ہسپتال سے متعلق شکایات ہوں گی اس کی انتظامیہ اور متعلقہ ڈاکٹرز کے خلاف سخت ترین تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،صحت کے شعبہ سے متعلق کسی بھی قسم کی غلفت اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ صحت کے شعبہ کی خود مانیٹرنگ کروں گا اور عوام الناس کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کی روشنی میں شعبہ صحت میں اصلاحات لا رہے ہیں، نئے ہسپتالوں کا قیام اور دیگر اقدامات اٹھائے جا رہیں تاکہ آزاد کشمیر کے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات میسر آ سکیں، وزیراعظم پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کو دیا گیا

صحت کارڈ کا تحفہ بھی کسی نعمت سے کم نہیں، ہیلتھ کارڈ سے عوام بلاتخصیص استفادہ اٹھا رہی ہے، آزاد کشمیر میں شعبہ صحت کو مثالی بنائیں گے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں