وزیر اعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت ضلعی ہیڈکوارٹر اٹھمقام میں محکمہ جات کا اجلاس، دس روز نیلم میں قیام کر کے انتظامی مسائل کا جامع رپورٹ پیش کریں، کمشنر کو ہدایت

نیلم (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے دورہ نیلم کے دوران ضلعی ہیڈکوارٹر اٹھمقام میں محکمہ جات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزراء حکومت دیوان علی چغتائی، چوہدری رشید، پارلیمانی سیکرٹری پیر مظہر سعید، سابق وزراء حکومت گل خنداں، مفتی منصور، سابق امیدوار اسمبلی راجہ الیاس، میاں اخلاق الرسول، چیئرمین نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ صداقت حسین شاہ و دیگر بھی موجود تھے۔

اجلاس میں وزیراعظم سردارعبدالقیوم نیازی کو ڈپٹی کمشنر نیلم نے ضلع کی مجموعی صورتحال سمیت انتظامی ڈھانچے، جغرافیائی، سیاحتی و ثقافتی مقامات، قدرتی وسائل اور مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کمشنر مظفرآباد ڈویژن کو ہدایت کی کہ دس روز نیلم میں قیام کر کے یہاں کے انتظامی و دیگر مسائل کا جائزہ لیکر جامع رپورٹ پیش کریں۔ وزیراعظم نے نیلم کے تین بنیادی طبی مراکز کو اپ گریڈ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ افسران و ملازمین عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، نیلم کی پسماندگی دور کریں گے، یہاں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی ترجیح بنیادوں پر مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، شونٹر ٹنل اور جل کھڈ روڈ کی تعمیر سے نیلم کی تقدیر بدل جائے گی، نیلم میں سیاحت انڈسٹری کو ترقی دیکر یہاں روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔ایندھن کے متبادل ذرائع فراہم کرکے نیلم کے قدرتی وسائل اور جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔

نیلم کے بنیادی طبی مراکز کو دیہی مراکز کا درجہ جبکہ ایمرجنسی سروسز سے نمٹنے کیلئے نیلم کو اضافی یمبو لینس فراہم کریں گے۔ لائن آف کنٹرول سے ملحقہ علاقوں کے مسائل کو حل کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت آزاد کشمیر وفاقی حکومت کی مدد سے نیلم میں سیاحتی صنعت کو وسعت دے کر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مقامی افراد کو روزگار فراہم کرے گی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وادی نیلم کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں، شاہرات کی صفائی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم آزادکشمیر کو جائزہ اجلاس میں کمشنر مظفرآباد،ڈی آئی جی مظفرآباد ریجن، مہتمم شاہرات، ڈی ایچ او ودیگر افسران نے بھی بریفنگ دی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close