’روڈ ٹو مکہ‘پراجیکٹ میں پاکستان بھی شامل ۔۔براہِ راست مکہ مکرمہ پہنچنے کی سہولت دیدی گئی

اسلام آباد(پی این آئی) سعودی حکومت نے لاہور اور کراچی کو بھی اپنے ’روڈ ٹو مکہ‘ (Road to Makkah) پراجیکٹ میں شامل کر لیا۔نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق سعودی وزیرداخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے اپنے ایک روزہ دورہ پاکستان کے دوران یہ خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل ہونے کے بعد اسلام آباد کے ساتھ لاہور اور کراچی سے جانے والے حج و عمرہ زائرین بھی براہ راست مکہ مکرمہ ایئرپورٹ پر لینڈ کریں گے اور ان کا سامان براہ راست ان کے ہوٹلوں میں پہنچایا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل ہونے کے بعد ان شہروں سے جانے والے زائرین کو سعودی ایئرپورٹس پر کسٹم چیکنگ کے مراحل سے بھی نہیں گزرنا پڑے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور اور کراچی کو اس پراجیکٹ میں شامل کرنے کے معاہدے پر دستخط رواں سال کے حج ایگریمنٹ کے موقع پر کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ سعودی وزیرداخلہ نے دورہ پاکستان میں اپنے پاکستانی ہم منصب شیخ رشید احمد اور وزیربرائے مذہبی امور نور الحق قادری سے ملاقاتیں کیں۔

close