اہل پاکستان کی کشمیریوں سے یکجہتی نے حوصلے بلند کیے ہیں، وزیر اعظم آزاد کشمیر کا یوم یکجہتی کے لیے شکریے کا بیان

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے اہل پاکستان اور حکومت پاکستان کی طرف سے نظریاتی جوش و جذبے کیساتھ یوم یکجہتی کشمیر کے انعقاد کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہل پاکستان نے کشمیریوں سے یکجہتی کر کے ان کے حوصلے بلند کیے ہیں، کراچی سے خیبر تک جس طریقے سے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا اس کا ساری کشمیری قوم دل کی عمیق گہرائیوں سے خیر مقدم کرتی ہے،

وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر اور آزاد کشمیر کے عوام صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان عمران خان، سپہ سالار پاکستان جنرل قمر جاوید باجوہ، چاروں صوبائی حکومتوں، سیاسی و مذہبی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنھوں یکجان ہو کر یوم یکجہتی کشمیر منایا ہے، انہوں نے کہا کہ یادگار شہداء کی تقریب میں صدرعارف علوی پاکستان اور ارمی چیف کی شرکت بھی دونوں خطوں کے عوام کے نظریاتی رشتوں کی عکاس ہے، یوم یکجہتی کشمیر سے ایل او سی کی دوسری طرف مثبت پیغام گیا ہے اور جدو جہد آزادی میں مصروف کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، پانچ فروری کے موقع پر میڈیا کا کردار بھی تاریخ ساز رہا۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں،

پاکستان کشمیریوں کا دنیا میں واحد وکیل ہے اور اہل پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی جد و جہد آزادی کی حمایت کی اور کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان نے دنیا بھر میں کشمیریوں کا مقدمہ لڑا اور ان کے سفیر ہونے کا حق ادا کیا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں