دنیا بھر میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی 5 فروری کو کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرے، وزیر اطلاعات سردار فہیم اختر ربانی، وزیر منصوبہ بندی چوہدری محمد رشید کی پریس کانفرنس

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات، قانون، انصاف وپارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی اور وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رشید نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مقیم کشمیری و پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ 5 فروری کو بھرپور انداز میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کریں۔ بین الاقوامی برداری اور او آئی سی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کشمیر وں کو انکا حق خودارادیت دلوانے کے حوالے سے اپنا کردار ادار کریں۔ تحریک آزادی کشمیر کواجاگر کرنے کے حوالہ سے میڈیا کا اہم کردار ہے۔

مقبوضہ جموں وکشمیر میں میڈیا پر پابندیاں ہیں اس لیے ریاستی میڈیا کی ذمہ داریاں زیادہ ہیں۔ہندوستان نے پانچ اگست 2019کے اقدام کے بعد بزنس سمٹ کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جائیدادوں پر قبضہ کرنے کی سازش کی جس کو بے نقاب کرنا انتہائی ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈائریکٹر اطلاعات امجد حسین منہاس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اطلاعات سردار فہیم اختر ربانی نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت میرٹ کی بنیاد پر نئی بھرتیاں کریگی اور تعلیمی اداروں کے انفراسٹرکچر سمیت تمام اقدامات اٹھائے گی۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے آزادکشمیر کی تعمیر وترقی کیلئے فنڈز کی کمی نہیں ہونے دی لیکن آزاد کشمیر کی گزشتہ حکومت نے نہ صرف نظام تباہ کر کے میرٹ کی پامالی کی بلکہ غریب کے بچے کو پڑھنے کیلئے چھت تک نہ دے سکے اور سکولوں میں ٹھیکہ سسٹم رائج رہا۔ گزشتہ دور حکومت میں ڈویلپمنٹ کا فنڈ کرپشن اور کمیشن کی نذرہوا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی پالیسیاں ترتیب دیں، اللہ کے فضل و کرم سے سرخروہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ دور میں پی ایس سی جیسے ادارے کو غیر فعال کر دیا گیا اور پڑھے لکھے نوجوان مواقعوں کے انتظار میں رہے۔ میڈیا ہمارا پیغام ہر گھر تک پہنچائے، ہم تبدیلی اور اصلاحات کی بات کررہے ہیں۔ ایک ایک محکمہ کو لیکر سسٹم بنائیں گے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ حکومت سنبھالنے کے بعد محکمہ تعلیم کو دیکھا تو پتہ لگا جو لوگ این ٹی ایس میں فیل تھے انہیں پرچی پر بھرتی کر کے ایکٹ کی روشنی میں مستقل ٹیچر تعینات کر دیا گیا۔ سرکاری ملازمین کی حاضری چیک کرنے کا کوئی طریقہ کار نہ تھا، ہم اس حوالے سے آئی ٹی کے ساتھ مل کر سسٹم لیکر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ تعمیرات عامہ میں شفافیت کیلئے وزیراعظم آزادکشمیر نے ای ٹینڈرنگ کی سختی سے ہدایت کی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میرے اپنے حلقے میں 170ایسے ادارے ہیں جن کی چھتیں ہی نہیں اور ان میں نہ ٹیچر کے پاس کرسی ہے نہ سٹوڈنٹ کے پاس۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا اس دور کا واحد ٹول ہے جس کے ذریعے پوری دنیا تک اپنا پیغام پہنچایاجا سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہم احتساب کرنا چاہتے ہیں، جو لوگ کرپٹ ہیں ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ حکومت پالیسی دے گی جو عملدرآمد نہیں کریگا اس کو Replaceکیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری بیوروکریسی میں بہترین لوگ موجود ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ مجھے اب تک پچاس لاکھ کی سکیمیں ملیں ساری سکیمیں اداروں کے انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے دیدیں۔ آزادکشمیر میں اسلامی ترقیاتی بینک نے کچھ ادارے بنا کر دیے ہیں تاہم گزشتہ حکومت نے اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رشید نے کہا کہ پانچ اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو تبدیل کر کے اقلیت میں بدلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے حق کیلئے لاکھوں جانیں قربان کر چکے۔ بین الاقوامی برداری اور او آئی سی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کشمیر وں کو انکا حق خودارادیت دلوانے کے حوالے سے اپنا کردار ادار کریں۔ انہوں نے کہاک پائیدار ترقی اداروں سے مشروط ہے۔ آزادکشمیر کا ترقیاتی فنڈ28ارب ہے اور ہماری حکومت اب تک16ارب کے ترقیاتی منصوبے منظور کر کے متعلقہ محکموں کو بھیج چکی ہے۔ گزشتہ دور کے جو منصوبہ جات عوامی مفاد میں تھے ان کو جاری رکھا۔ آزادکشمیر کی تیز رفتار ترقی کیلئے نیو کشمیر ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں۔ سیاحت، ہائیڈل کا فروغ ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ہائیڈل کے جو کام پبلک سیکٹر کے تھے گزشتہ دور میں پرائیویٹ سیکٹر کو دیدیے گئے۔۔۔۔۔

close