کیڈٹ کالج پلندری کی مشکلات ختم کر کے ضروریات کو پورا کیا جائے گا، یوم والدین کی تقریب سے وزیر اعظم آزاد کشمیر کا خطاب

پلندری (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ تعلیم و تربیت کو فروغ دیے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، ہماری حکومت کی ترجیحات میں معیار تعلیم کو بلند کرنا سر فہرست ہے،طلبا قوم کا مستقبل ہیں، ان کی اچھی تربیت ہی مہذب معاشرے کی تشکیل کرتی ہے۔ریاست میں میرٹ اور انصاف کی بالادستی قائم کریں گے، اسلاف کی قربانیوں کو یاد کر کے ایمان تازہ ہو جاتا ہے،پلندری کیڈٹ کالج ریاست کی بہترین تعلیمی درسگاہوں میں شامل ہے، کیڈٹ کالج کی کارکردگی قابل تحسین ہے، حکومت کیڈٹ کالج پلندری کو مشکلات کو ختم کریگی، تمام ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔

کیڈٹ کالج کی سیٹیں بڑھائی جائیںگی۔1989 کے مہاجرین کیلئے بھی کوٹہ مختص کیاجائےگا،مستحق ذہین طلباء کو وسائل کی کمی کے باعث داخلے سے باہر نہ کیا جائےگا،مستحق طلباء کیلئے وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے کیڈٹ کالج پلندری میں یوم والدین کی تقریب میں بطور مہمان خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری ریاض، وزراء حکومت سردار محمد حسین، ظفر ملک، تقریب میں ممبر قانون ساز اسمبلی نبیلہ ایوب، ممبر کشمیر کونسل سردار عبد الرزاق ، جسٹس ریٹائرڈ سردار حمید، ایس ایس پی ریٹائرڈ سردار شاداب، رہنما تحریک انصاف آزاد کشمیر راجہ قیوم، شمشاد عزیز، اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کو پلندری پہنچنے پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی اور کالج کے طلبا نے بھی گارڈ آف آنر بھی دیا۔وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے امتحانات میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلبا میں میڈلز، شیلڈزاورتعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔

وزیراعظم کو کیڈٹ کالج پلندری کے پرنسپل بریگیڈ ریٹائرڈ سردار محمد خورشید نے کالج کے مالی، انتظامی و دیگر امور کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مالی سال 2021- 22 کے دوران کالج کو 39 ملین کا شارٹ فال کا سامنا کرنا ہے، 39 ملین شارٹ فال کی وجہ سے ملازمین کی تنخواہیں دینے میں بھی مشکلات ہیں جس پر وزیراعظم نے سیکرٹری ہائرایجوکیشن کو ہدایت کی کہ کالج کے مالی مسائل حل کیا جائے۔ پرنسپل کیڈٹ کالج نے کالج کی سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کی کالج کی سیٹیں بڑھانے، 1989 کے مہاجرین کیلئے بھی کوٹہ مختص کرنے اورمستحق طلباء کیلئے وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کالج پرنسپل کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ یوم والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے نچلے طبقے کو اوپر لائیں گے، مدینہ کی ریاست میں سب سے اہم میرٹ اور کمزور طبقہ کی مدد تھا اس پر عمل کریں گے۔

افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہمارے اسلاف نے ڈسپلن پر زندگی گزاری جس سے ان کا نام رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا،ان کے نقش قدم پر چل کر ملک پاکستان کا نام روشن کیا جا سکتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کالج کے انتظامی معاملات کے لیے 40 ملین روپے فوری مہیا کیے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ بحثیت وزیراعظم پہلی بار یہاں آیا ہوں اور خوشی ہے کہ بہترین تعلیمی درسگاہ میں خطاب کر رہا ہوں۔اس ادارے میں طلباء کی تربیت کے لئے بہترین اساتذہ موجود ہیں۔ اس کا سہرا ادارہ کے پرنسپل اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے، کالج کے طلباء کو پورے پاکستان میں نمایاں پوزیشنز لینے پر مبارکباد دیتا ہوں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close