ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) کی زیر صدارت آزاد کشمیر ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا چھٹا اجلاس

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزاد کشمیر ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا مالی سال 2021-22کا چھٹا اجلاس ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) ڈاکٹر ساجد محمود چوہان کی زیر صدارت بدھ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ مواصلات، ہائر ایجوکیشن، فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ، سماجی بہبود و ترقی نسواں، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ اور ٹیوٹا کے 1ارب 20کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 9منصوبہ جات زیر غور لائے گئے۔ اجلاس میں متعلقہ محکمہ جات کے سیکرٹری صاحبان، سربراہان محکمہ جات، منصوبہ بندی و ترقیات کے آفیسران نے شرکت کی۔

جبکہ حکومت پاکستان کے نمائندگان بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں جن منصوبہ جات کو زیر غور لایا گیا ان میں محکمہ مواصلات کے زیر انتظام ضلع پونچھ میں 7.5کلو میٹر درہ شیر خان تا نیون جبڑ لنک روڈ، محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے زیر انتظام کالجز ہا میں فرنیچر و سامان کی فراہمی، ضلع میرپور میں زلزلہ سے متاثرہ کالجز کی عمارات کی بحالی کا منصوبہ، محکمہ فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ کے تحت ضلع میرپور میں اسلام گڑھ پولیس اسٹیشن کی تعمیر نو، محکمہ سماجی بہبود و سماجی ترقی کے زیر انتظام آزادکشمیر میں سوشل پروٹیکشن پروگرام کااجراء، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ شعبہ میں آزاد کشمیر میں ٹیکس مینجمنٹ سسٹم کی آٹو میشن، دریائے پونچھ میں مہاشر مچھلی کو درپیش خطرات اور ان کی تدارک کے لیے فزیبلٹی سٹڈی، آزادکشمیر میں TVETشعبہ کی پالیسی مرتب کرنے کے علاوہ ضلع بھمبر میں گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کی عمارت کی تعمیر کا نظر ثانی منصوبہ بھی اجلاس میں زیر غور لایا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے کہا کہ محکمہ جات منصوبہ جات ڈیزائن کرتے ہوئے پلاننگ کمیشن کی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ منصوبہ جات کی پلاننگ میں عوامی ضرورت کو ترجیحی دی جائے۔ اس فورم کا کام ترقیاتی ڈسپلن قام کرنا ہے۔

تمام منصوبہ جات پلاننگ کمیشن کی ہدایات کے مطابق سکرونٹی کے بعد منظور کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبہ جات کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں اور منصوبہ جات کی موثر مانیٹرنگ کریں تاکہ ترقیاتی فنڈز کا بروقت اور شفاف انداز میں تصرف یقینی بنایا جاسکے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close