آزادکشمیر، معاون خصوصی چوہدری محمد اقبال کی زیر صدارت ڈومیسائل اورباشندہ سر ٹیفکیٹ کی کمپیوٹرائزیشن کے حوالے سے اجلاس

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر کے معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی چوہدری محمد اقبال کی زیر صدارت مظفرآباد ڈویژن میں ڈومیسائل اورباشندہ سر ٹیفکیٹ کی کمپیوٹرائزیشن کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری آئی ٹی و اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد، کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمان، ڈی جی آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر خالد رفیق، ڈپٹی کمشنر مظفرآبادندیم احمد جنجوعہ اور ڈپٹی کمشنر نیلم محمد شوکت خان یوسفزئی ودیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں معاون خصوصی برائے آئی ٹی کو کمشنر مظفرآباد ڈویژن نے ڈومیسائل/ باشندہ سر ٹیفکیٹ کی کمپیوٹرائزیشن کے حوالہ سے بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے آئی ٹی چوہدری محمد اقبال نے ڈی جی آئی ٹی بورڈ کو ہدایت کی کہ مظفرآبادڈویژن میں ڈومیسائل اورباشندہ سرٹیفکیٹ کی کمپیوٹرائزیشن کے لیے ترجیح بنیادوں پر پراجیکٹ تیار کر کے فوری طور پرعملدرآمد کیا جائے اور اس سلسلہ میں آئندہ ہفتے مجھے پراجیکٹ کی تفصیل پیش کر کے منظور ی حاصل کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ابتدائی مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن میں کمپیوٹررائزڈ ڈومیسائل /باشندہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے عوام الناس کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اجلاس کو ڈومیسائل اور باشندہ سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے طریقہ کار پر بتایا گیا کہ سائل کمپیوٹررائزڈ ڈومیسائل /باشندہ سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے اپنے متعلقہ سب ڈویژن کے اسسٹنٹ کمشنر /سب ڈویژنل مجسٹریٹ کے پاس اصالتاً حاضر ہوکر بمعہ جملہ کوائف درخواست پیش کرے گا۔

جملہ ریکارڈ کی تصدیق اورفائل کی تکمیل کرتے ہوئے مثل کی سافٹ کاپی متعلقہ ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ آفس کو بذریعہ ای میل ارسال کی جائیگی۔جس کے بعد دفتر ڈپٹی کمشنر /ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سے ڈیجیٹل سائن (Digital Signature) مثل /سرٹیفکیٹ کی تیار شدہ /دستخظ شدہ سافٹ کاپی واپس متعلقہ دفتر اسسٹنٹ کمشنر /سب ڈویژنل مجسٹریٹ میں بذریعہ ای میل ارسال ہو گی۔جہاں سے پرنٹ لے کر سائل کو سرٹیفکیٹ کی ہارڈ کاپی کی اجرائیگی کی جائیگی۔ڈومیسائل و باشندہ سرٹیفکیٹ کی کمپیوٹرائزیشن کے بعد سائل کو ڈپٹی کمشنر /ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے دفرمیں پیش ہونے کی ضرورت نہ ہو گی۔جملہ ریکارڈ کی ہارڈ کاپی متعلقہ دفتر اسسٹنٹ کمشنر /سب ڈویڑنل مجسٹریٹ کے ریکارڈ میں رہے گی اور سافٹ کاپی ڈویژن کی سطح پر مرکزی نظام کے تحت کمشنر آفس میں محفوظ ہوتی رہے گی جس کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس کے جملہ شرکاء نے کمپیوٹررائزڈ ڈومیسائل اورباشندہ سرٹیفکیٹ کے اجراء کے لیے اس طریقہ کار سے اتفاق کیا۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں