محکمے ایک دوسرے کے ساتھ بہتر روابط رکھیں تاکہ مسائل پیدا نہ ہوں ، وزیر اعظم آزاد کشمیر کا ترقیاتی جائزہ اجلاس سے خطاب

اسلام آباد/کشمیر ہاوس (پی آئی ڈی) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے ان کی رفتار پر بھی نظر رکھی جائے تاکہ جاری منصوبے بروقت مکمل کئے جا سکیں۔رواں مالی سال کے دوران جاری منصوبہ جات کی تکمیل سے لوگوں کو سہولتیں حاصل ہونگی جس سے ان کے معیار زندگی میں بہتری آئیگی۔

محکمے ایک دوسرے کے ساتھ بہتر روابط رکھیں تاکہ مسائل پیدا نہ ہوں بلکہ بروقت انہیں حل کر لیا جائے۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر ہاوس اسلام آباد میں ترقیاتی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوے کیا۔اجلاس میں وزیر تعمیرات عامہ اظہر صادق،وزیر منصوبہ بندی چوہدری محمد رشید،چیف سیکرٹری شکیل قادر خان،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر خالد محمود چوہان،پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان،سیکرٹری تعمیرات عامہ بشیر مغل نے شرکت کی۔

اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کم سر کہوڑی جل پانی ٹنل پر کام جلد شروع کیا جائے گا اس سلسلے میں وفاقی حکومت اور این ایچ اے سے معاملات طے پا گئے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ لوہار گلی ٹنل منصوبے کا جائزہ بھی لیا گیا جس کا پی سی ون جلد پلاننگ کمیشن میں پیش کیا جائے گا،لوئر ٹوپہ کوہالہ روڈ منصوبے کے حوالے سے پنجاب حکومت سے بات چیت ہوگئی ہے اس منصوبے کیلیے فنڈز مختص کر دیئے گئے ہیں،

پنجاب حکومت نے تیزی رفتار ی کے ساتھ کام مکمل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔دینہ میں فلائی اوور کیلیے پنجاب حکومت سے بات چیت ہوئی ہے پنجاب حکومت اپنی آئندہ اے ڈی پی میں منصوبہ شامل ہو جائے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے میرپور و دیگر علاقوں کے مسافروں کوسفر ی آسانی ہو گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ آزادپتن روڈ کے منصوبے کی جلد تکمیل کیلیے پنجاب حکومت سے بات چیت جاری ہے۔

گڑھی حبیب اللہ برارکوٹ روڈ مکمل ہے جبکہ ہزارہ موٹر وے سے اتر شیشہ انٹرچینج منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے اس پر کے پی کے حکومت سے رابطہ کاری ہوئی ہے دوسری جانب کلر سیداں دھان گلی روڈ کی بہتری کیلیے پنجاب حکومت سے بات چیت جاری ہے۔اجلاس میں ٹھیکیداروں کے ریٹ مارکیٹ ریٹ کی مطابق کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔وزیر اعظم نے اس حوالے سے متعلقہ محکمہ کو ریٹ نظر ثانی کرنے کی ہدایت کر دی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلد چھوٹے منصوبے شروع کئے جائیں گے جن کی تکمیل سے شہریوں کو فوری سہولت حاصل ہو گی۔اجلاس میں رٹھوہہ ہریام پل اور میرپور واٹر گریٹر سکیم کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور ان پر پیشرفت کے حوالے سے آگاہی حاصل کی گئی۔ وزیر اعظم نے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کی مقررہ مدت پر تکمیل بہر صورت یقینی بنائی جائے اس حوالے سے سستی برداشت نہیں کی جائیگی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close