آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات وسط مئی 2022 میں کرانے کیلئے اقدامات شروع کر دئیے ہیں، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی صحافیوں سے گفتگو

اسلام آباد/جموں وکشمیر ہاؤس (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ گراس روٹ لیول پر اختیارات لانا حکومت کی ترجیح ہے۔ اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کیلئے آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات وسط مئی 2022 میں کرانے کیلئے اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

حکومت کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،اپنے اخراجات کو کم کیا ہے، وزیراعظم ہاؤس کا خرچہ پہلے روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے کا تھا اس کو کم کرتے ہوئے چند ہزار کیا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی جاری ہے، عالمی اداروں اور طاقتوں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ تحریک آزادی کشمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں حریت رہنماؤں، صحافیوں اور مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزادجموں وکشمیر نے کہا کہ سابقہ حکومتیں بلدیاتی انتخابات کے وعدے کرتی رہیں لیکن اس کو عملی جامہ نہیں پہنا سکیں۔

تحریک انصاف کی حکومت عوام سے کیا ہوا ہر وعدہ پورا کرے گی، بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کام شروع کر دیا گیا ہے، مئی میں الیکشن کروائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق ریاستی عوام کے دیرینہ مسائل حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں میرٹ کی بالادستی اور ترقیاتی فنڈز کی شفاف تقسیم پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیراعظم پاکستان کے ویژن کی روشنی میں احتساب کا عمل تیز کیا جائے گا۔ حکومت آزادکشمیر کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ہر فورم پر بلند کریگی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں