لائیوسٹاک سیکٹر آزادکشمیر میں گوشت، دودھ اور انڈوں کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کررہا ہے، ترجمان محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ

مظفرآباد (پی آئی ڈی) ترجمان محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے کہا ہے کہ محکمہ ریاست میں لائیوسٹاک سیکٹر کی ترقی کیلئے روبہ عمل ہے اور آزادکشمیر میں گوشت، دودھ اور انڈوں کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے محکمہ مختلف منصوبوں پر کام کررہا ہے۔ اس سلسلہ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت300سے زائد ڈیری فارمز جبکہ متعدد گوٹ فارمز چل رہے ہیں۔

انڈوں کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے نیلم لیپہ اور حویلی سمیت تمام علاقوں میں مرغیاں تقسیم کی گئی ہیں۔ محکمہ لائیوسٹاک کا عملہ جانوروں کی صحت کے حوالہ سے بھی مستعد ہے اور تمام وٹرنری مراکز میں ٹارگٹ ایریاز میں امور کی انجام دہی میں مصروف ہے۔ وزیراعظم پاکستان اور وزیراعظم آزادکشمیر کے ویژن کے مطابق اور وزیر لائیو سٹاک کی بھرپور سرپرستی میں ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک اعجاز احمد خان کی کاوشوں اورانکی نگرانی میں دن بدن محکمانہ امور میں بہتری آرہی ہے اور عوام میں بھی محکمہ کی خدمات کے حوالے سے اچھا تاثر پایا جارہا ہے۔

ترجمان نے کہاکہ گزشتہ دنوں میڈیا پر محکمہ کے خلاف کچھ عناصر کی جانب سے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے ڈی جی لائیو سٹاک اور محکمہ کے خلا ف پروپیگنڈا کیا گیا اور ڈی جی لائیو سٹا ک پر ذاتی نوعیت کے بے بنیاد الزامات لگائے گئے جس کی مذمت کی جاتی ہے۔ ایسے عناصر کے خلاف محکمہ قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ اگر کسی کو بھی محکمہ کے کسی افسر یا اہلکار کے بارے میں شکایت ہے تووہ مجاذفورم پر اپنا موقف یا شکایت درج کروا سکتا ہے تاہم ذاتی مقاصد کی تکمیل کیلئے اعلی افسران کی کردار کشی انتہائی مذموم فعل ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔۔۔۔

close