جاگراں منصوبے سے بجلی کی کمی پوری کرنے کے ساتھ مقامی سطح پر بے روزگاری پر قابو پانے میں مدد بھی ملے گی، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود

اٹھمقام (پی این آئی) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ وادی نیلم قدرتی وسائل اور خوبصورتی سے مالا مال ہے میری کوشش ہے کہ یہاں پر عوام کو سردیوں میں جو مشکلات درپیش ہوتی ہیں ان کو بھی دور کیا جا سکے۔جب میں وزیراعظم تھا تو میں نے اس وقت بھی اس سلسلے میں اقدامات لیے تھے۔

اب جبکہ میں صدر بنا تو میں نے اپنی پہلی فرصت میں وادی نیلم کا دورہ کیا ہے اور میں نے یہاں پر مختلف محکمہ جات کی بریفنگ رکھی ہے تاکہ عوام کو خوراک، ادویات اور دیگر اشیاء ضروریہ ہمہ وقت دستیاب ہوں۔ انشاء اللہ اب عوام کو مسائل سے دو چار نہیں ہونے دیا جائے گا۔ جاگراں فیز 1کو میں نے ہی اپنے دور حکومت میں بنوایا تھا اور اس سے ایک خطیر رقم آزاد کشمیر کے خزانے میں جا رہی ہے۔ اب جبکہ میں یہاں وادی نیلم کے دورے پر آیا ہوں تو میں نے جاگراں فیز 2 پر بھی بریفنگ رکھی ہے تاکہ اس سے جہاں بجلی کی کمی کو پورا کیا جا سکے وہاں مقامی سطح پر بے روزگاری پر قابو پانے میں بھی مدد ملے، اسی طرح آزاد کشمیر خود کفالت کی منزل کی جانب گامزن ہو گا۔ میں دواریاں کو ٹاؤن کمیٹی کا درجہ دینے اور شاردہ یونیورسٹی میں آرکیالوجی کے ڈیپارٹمنٹ کے قیام کا اعلان کرتا ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں وادی نیلم کے دوروزہ دورے کے پہلے دن اٹھمقام میں ورکرز کنونشن کے موقع پر ایک بڑے جلسہ عام سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جلسہ عام کی صدارت چیئرمین نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ سید صداقت علی شاہ نے کی۔ جلسہ عام سے وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد، پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ، ممبر کشمیر کونسل یونس میر، صدارتی مشیر سردار امتیاز خان، میاں شفیق جھاگوی، سابق وزراء سردار گل خنداں، مفتی منصور، سابق امیدوار اسمبلی راجہ الیاس، اظہر گیلانی، ساجد جاوید عباسی، بشارت میر ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس سے قبل جب صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری وادی نیلم کے دورے کے سلسلے میں اٹھمقام پہنچے تو عوام کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا، ان پر گل پاشی کی گئی، پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ان کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔

صدر ریاست کی ایک جھلک دینے کے لیے عوام کا جوش دیدنی تھا۔ سخت سردی کے باوجود صد ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا خطاب سننے کے ہزروں لوگوں کا سیلاب امنڈ آیا۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ جب میں نے صدر ریاست کا حلف لیا تھا تو میں نے کہا تھا کہ آزاد کشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے اور میں یہاں سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی کے لیے دنیا کے ہر فورم پر آواز اٹھاؤں گا۔ میں آج یہاں لائن آف کنٹرول کے کے قریب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ وہ اپنی جدو جہد میں تنہا نہیں،آزاد کشمیر کا بچہ بچہ ان کے شانا بشانہ ہے۔ مودی نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کر دی ہے اس لیے میں آزاد کشمیر میں کسی کو اپنا حریف نہیں سمجھتا کیونکہ میرا حریف صرف مودی ہے اور وہ دنیا میں جہاں جہاں بھی جائے گا میں اس کا پیچھا کروں گا اور بھارت اور مودی کے اصل چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں احتساب کے عمل کو تیز کیا جائے گا اور اقتدار کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کے لیے جلد بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں گے۔ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ وادی نیلم میں سیاحت اور زراعت کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس سے یہاں پر تعمیر و ترقی میں اضافہ ہو گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close