وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیاز ی کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے پیش رفت کا جائزہ

مظفرآباد(پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیاز ی کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس گزشتہ روز ایوان ویر اعظم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد، چیف سیکرٹری آزادکشمیر شکیل قادر خان، سیکرٹری بلدیات اعجاز احمد خان، سیکرٹری قانون ارشاداحمد قریشی اور سیکرٹری سروسز ظہیر الدین قریشی و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالہ سے اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدیاتی انتخابات پرانی وارڈ بندیوں کے مطابق ہی ہوں گے۔ جن یونین کونسلز کی آبادی زیادہ ہو گی ان میں ملٹی ممبر وارڈ کی بنیاد پر الیکشن ہوں گے۔ نوجوانوں اور خواتین کو 12.5 فیصد نمائندگی دی جائے گی۔ اجلاس میں قانونی پیچیدگیوں اور دیگر مسائل کے حوالہ سے بھی وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ آبادی میں اضافہ ہو چکا ہے لیکن ٹاؤن کمیٹیوں اور میونسپل کمیٹیوں کی تعداد میں اضافہ نہیں کیا گیا۔

آبادی کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹاؤن کمیٹیوں، میونسپل کمیٹیوں اورقصبات کو اپ گریڈ کیے جانے کی اشد ضرور ت ہے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کو تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے۔جن ٹاؤنز میں آبادی زیادہ ہو گی ان کو میونسپل کمیٹیوں کا درجہ دیا جائے گا جن قصبات اور شہروں کی آبادی بڑھ گئی ہے ان کو ٹاؤن کا درجہ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادجموں وکشمیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایات کے مطابق اقتدار کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کے لیے بلدیاتی انتخابات کر وائیں گے۔ ان انتخابات سے ریاست کی تقدیر بدلے گی۔

پچھلے 30 سالوں سے عام آدمی کو اقتدار کے ایوانوں سے دور رکھا گیا۔ ہم وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق عام آدمی کو اقتدار میں شریک کرکے تعمیر و ترقی اور ریاست کی خوشحالی کی بنیاد رکھیں گے۔ نوجوانون اور خواتین کو بھی بلدیاتی انتخابات میں شامل کریں گے تاکہ ان کے مسائل بھی ترجیحی بنیادی پر حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیح عام آدمی کی خدمت ہے۔ ہم اقتدار کو عوام کی امانت سمجھتے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات سے اقتدار نچلی سطح پر منتقل ہو گا اورگراس روٹ لیول کی قیادت سامنے آئے گی جس سے آئندہ کے لیے ریاست کو نئی قیادت ملے گی اور نوجوانوں کی تربیت بھی ہو گی جبکہ عام آدمی کا معیار زندگی بھی بلند ہو گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close