خواتین کے لیے بزنس کے مواقع پیدا کریں گے، ہنر مند خواتین کی صلاحیتوں سے استفادہ کریں گے، پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی کا خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) ممبر آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا ہے کہ خواتین کو اپنے پاوں پر کھڑا کرنے کے لیے تحریک انصاف کی حکومت اقدامات کر ے گی۔ خواتین کو ہر شعبہ میں آگے آنا چاہیے، خواتین ہمارے معاشرہ کا اہم جزو ہیں۔ خواتین کو تعلیم یافتہ اور با اختیا ر بنا کر ریاست کو خوشحال بنائیں گے۔خواتین کے لیے بزنس کے مواقع پیدا کریں گے۔

ہنر مند خواتین کی صلاحیتوں سے استفادہ کریں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت آزادخطہ میں حقیقی تبدیلی لائے گی جس سے یہاں شرح خواندگی میں اضافہ ہوگا۔خواتین کو ان کے حقوق دلوانے کے لیے مطلوبہ قانون سازی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک نجی سکول کے فن فیئر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ و طالبات کی جانب سے لگائے گئے مختلف سٹالز کا بھی معائنہ کیا۔ دریں اثنا جب وہ فن فیئر کی افتتاحی تقریب میں پہنچیں تو خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں طلبہ و طالبات کی شخصیت میں نکھار پیدا کرتی ہیں۔ تعلیم کے ساتھ دیگر سرگرمیوں کی طرف بھی زیادہ سے زیادہ توجہ دینی چاہیے تاکہ عملی زندگی میں انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق ریاست کو ایک ماڈل سٹیٹ بنانے کی جانب گامزن ہے۔ تعلیم کے شعبہ کی جانب ہمارا خصوصی فوکس ہے۔

خواتین کی تعلیم اور انہیں حقوق دلانے میری ذمہ داری ہے اس کے لیے قانون ساز اسمبلی کے اندر اور باہر ہر فور م پر ان کے لیے جنگ لڑوں گی۔ خواتین کو ان کے حقوق ملیں گے تو ریاست بھی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گی۔ پڑھی لکھی خواتین ریاستی ترقی میں اپنا بہترین کردار ادا کر سکتی ہیں۔ خواتین کو ہنر مند بنائیں گے اور ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کریں گے۔ خواتین کو سمال بزنس کے لیے سہولیات فراہم کریں گے تاکہ وہ ریاست کی معیشت میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔۔۔۔۔

close