مظفرآباد اور راولاکوٹ میں دو مزید تعلیمی بورڈ قائم کرنے کا اعلان،وزیر اعظم آزاد کشمیر کا محمڈن سائنس کالج کی تقریب سے خطاب

ہجیرہ (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ آبادی کے تناسب کو مدنظر رکھتے ہوئے مظفرآباد اور راولاکوٹ میں دو مزید تعلیمی بورڈ قائم کر رہے ہیں۔ آزادکشمیر میں میڈیکل کالجز کی سیٹیں بھی بڑھائیں گے۔ تعلیم کا شعبہ ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ قوموں کی ترقی تعلیم کے شعبہ میں بہتری سے ہی ممکن ہے۔ آزادکشمیر میں شرح خواندگی کو مزید بہتر کریں گے۔ اس وقت ہم تعلیم کے شعبہ میں ترقی کر کے ہی ہندوستان کے منفی پروپیگنڈے کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

تعلیم یافتہ کشمیری اپنا مقدمہ عالمی سطح پر بہترین انداز میں پیش کر سکتا ہے۔ تعلیم یافتہ لوگ معاشرے کی اصلاح میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،مایوسی، پسماندگی اور احساس کمتری سے باہر نکلنے کا واحد راستہ تعلیم ہے، ماضی کی حکومتوں نے تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں، لوگوں کو تعلیم کے ذریعے آگے بڑھنے کا موقع نہ دینا ظلم اور ناانصافی ہے، سکول گھروں سے دور ہوں اور اساتذہ کی کمی ہو تو مسائل پیدا ہوتے ہیں وزیر اعظم پاکستان عمران خان پاکستان میں تعلیمی اصلاحات کے ذریعے مشترکہ نصاب کا اجراء کیا ہے۔

آزادکشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت نے تعلیم کے شعبہ کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے محمڈن سائنس کالج ہجیرہ کی یوم والدین اور تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر وزیر حکومت خواجہ فاروق احمد،سابق امیدوار اسمبلی سردار ارزش اور سینئررہنماء تحریک انصاف ودیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر میں یکساں تعلیمی نظام لا رہے ہیں تاکہ امیر اور غریب کے بچے ایک ساتھ تعلیم حاصل کر سکیں۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مودی کی سوچ فاشسٹ ہے جس نے بھارت کو انتہا پسند ریاست میں بدل دیا۔بھارت اپنے چہرے پر کالک مل رہا ہے۔

کشمیری تکمیل پاکستان کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔عمران خان اس وقت پوری امت مسلمہ کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ہمارا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔حکومت پاکستان کی طرف سے 500 ارب روپے کا پیکج ملا ہے جسے عوام کی فلاح و بہود پر خرچ کریں گے- وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی محمڈن سائنس کالج ہجیرہ آمد پر وزیراعظم کا کالج انتظامیہ کی طرف سے استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close