مظفرآباد (پی آئی ڈی ) آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات ،قانون ،انصاف و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی نے کہا ہے کہ ایڈہاک ملازمین کی مستقل بنیادوں پر تعیناتی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ایڈہاک ملازمین کو مستقل کرنے کے ایکٹ کو جو ایک کالا قانون تھا ختم کر کے حکومت نے میرٹ کا بول بالا کیا ہے ۔
اپنے خصوصی بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ بغیر کسی پروسیجر کے بھرتی کئے گئے ملازمین کو ایڈہاک ایکٹ کے کالے قانون کے ذریعے مستقل کیا گیا جو آزادجموں و کشمیر کے ہزاروں پڑھے لکھے نوجوانوں سے سراسر زیادتی تھی ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چئیرمین وزیراعظم پاکستان عمران خان نے انتخابات سے قبل واضح کیا تھا کہ اگر کشمیری عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا تو ہم اس کالے قانون کو ختم کر دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا اور ہم نے اس امتیازی قانون کو ختم کر دیا ۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کسی کو بیروزگار نہیں کیا ہم نے کسی بھی ایڈہاک ملازم کو نوکری سے فارغ نہیں کیا ہے بلکہ انہیں بغیر کسی پروسیجر مستقل کرنے کے عمل کو ختم کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذٹڈ پوسٹوں کو پی ایس سی اور باقی کو طے شدہ ہروسیجرز کے تحت مستقل کیا جائے گا ۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی نہ ہی کسی کو افراتفری پیدا کرنے دی جائے گی ایسے عناصر کے خلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں