سیالکوٹ میں شہداء جموں کی یادگاریں جلد بنا دی جائیں گی، صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود کایوم شہدائے جموں کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد (پی این آئی) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ سیالکوٹ میں شہداء جموں اور منگ میں تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کی یادگاریں جلد بنا دی جائیں گی۔ آزاد کشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے اور یہاں سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز عالمی سطح پر پہنچانے کے لیے تمام تر توانیاں بروئے کار لائی جائیں گی۔ شہدائے جموں 2لاکھ37ہزار شہداء کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

ہم آج کے دن جہاں شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وہاں پر اس بات کا بھی عہد کرتے ہیں کہ ہم ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور انشاء اللہ مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے جلد جلد آزاد ہو کر رہے گا۔ میں نے جب صدر کے عہدے کا حلف اٹھایا تو میں نے کہا تھا کہ آزاد کشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے اور میں یہاں سے مقبوضہ کشمیر کو عالمی سطح پر جارحانہ انداز میں اٹھاؤں گا۔ اس سلسلے میں میں نے ستمبر میں امریکہ کا اور اب برطانیہ اور یورپ کا دورہ کیا۔

اپنے دورے کے دوران میں عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی اور مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا اور دو سال سے مسئلہ کشمیر پر جاری جمود کو توڑا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہدائے جموں کے موقع پر آج یہاں کشمیر ہاؤس اسلا م آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تقریب کی صدارت حریت کانفرنس کے کنونیئر فاروق رحمانی نے کی جبکہ کہ تقریب سے سابق صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان، حریت کانفرنس کے رہنما سید یوسف نسیم، سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی،

مسلم لیگ ن کے رہنماء صدیق الفاروق، معروف صحافی حاجی نواز رضا، معروف سینئر صحافی سلطان سکندر، حریت کانفرنس کے رہنماء عبدالحمید لون و دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں نے اپنے دورہ امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے دوران کرونا کی صورت حال کی وجہ سے مسئلہ کشمیر پر دو سال سے قائم جمود کو توڑا کیوں کہ بیرون ملک ہمارا کشمیری ڈائسپورہ غیر متحرک تھا، میرے بیرون ملک دوروں سے بیرون ملک مقیم کشمیریوں کو مسئلہ کشمیر پر متحرک کرنے میں مدد ملی۔

ہم آج کے دن یوم شہدائے جموں کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور مقبوضہ کشمیر انشاء اللہ جلد آزاد ہو کر رہے گا۔ آخر میں شہدائے جموں کے بلندی درجات اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے دعا بھی کی گئی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close