صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں برسلز میں کشمیریوں کا بھارت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ

برسلز(پی آئی ڈی ) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں برسلز میں سینکڑوں کشمیریوں کا بھارت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ۔ اس موقع پر مظاہرین نے بھارت اور مودی کے خلاف زبردست نعرے بازی کی، ہم چھین کے لیں گے آزادی، ہے حق ہمارا آزادی، اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دو،گو مودی گو، کشمیریوں کا قاتل مودی، انڈیا کشمیر سے نکل جا، ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کا ترجمان بیرسٹر سلطان جیسے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔

مظاہرین نے اسی طرح کے پلے کارڈز، پینا فلیکس اور بینرز بھی اُٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر مظاہرے کے شرکاء نے صرف آزادکشمیر کے جھنڈے اُٹھا رکھے تھے۔اس مظاہرے میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ احتجاجی مظاہرے میں بیلجئیم میں مقیم تارکین وطن کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ یورپی یونین کشمیر پر فوری طور پر اپنا نمائندہ مقرر کرے تاکہ وہ مسئلہ کشمیر پر پیش رفت ہو سکے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی پامالی پر رپورٹ بھی پیش کرے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یورپی یونین اور یورپین پارلیمینٹ ہی وہ بڑے ادارے ہیں جو مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم رکوا نے اور مسئلہ کشمیر کے حل میں پیش رفت کے لئے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں کیونکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہو رہا ہے وہاں پر پیلٹ گن استعمال کر کے بچوں اور خواتین کی بینائی چھینی جا رہی ہے۔

خواتین کی عصمت دری کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیاجا رہا ہے اور نوجوانوں کو کالے قوانین کے تحت گرفتار کر کے عقوبت خانوں میں شہید کیا جا رہا ہے۔ ہم یہاں برسلز سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ دنیا بھر میں مقیم کشمیری ان کے ساتھ ہیں۔ دریں اثناء صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے دورہ برسلز کے دوران یورپی پارلیمنٹ میں دو اہم ملاقاتیں کیں جن میں یورپین پارلیمنٹ کے ممبر و یورپین پارلیمنٹ کی امور خارجہ کمیٹی کے رکن جوڈی صولے فرنینڈو(Jodi Sole Ferrnando)اور یورپین پارلیمنٹ کے وائس پریزیڈنٹ فیبیو میسیمو کسٹیلیڈو (Fabio Massimo Castalido)سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی۔

اس موقع پر ملاقاتوں میں صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یورپین پارلیمنٹ کے ممبر و یورپین پارلیمنٹ کی امور خارجہ کمیٹی کے رکن جوڈی صولے فرنینڈو(Jodi Sole Ferrnando)اور یورپین پارلیمنٹ کے وائس پریزیڈنٹ فیبیو میسیمو کسٹیلیڈو (Fabio Massimo Castalido) کو مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے انہیں بتایا کہ میں یورپی یونین اور یورپین پارلیمنٹ میں بہت عرصہ سے آ رہا ہوں اور رابطہ میں ہوں۔ یورپی یونین اور یورپی پارلیمنٹ نے ہمیشہ کشمیر پر اپنی آواز بلند کی ہے اس سلسلے میں ایماء نکلسن نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر اپنی تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی تھی۔ لہذا ہم کشمیریوں کی یورپی یونین اور یورپی پارلیمنٹ سے بڑی توقعات ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ اس سلسلے میں یہ دونوں ادارے آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔اس موقع پر جوڈی صولے فرنینڈو(Jodi Sole Ferrnando) نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرتے ہیں اور یورپی پارلیمنٹ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ جبکہ اس موقع پر یورپین پارلیمنٹ کے وائس پریزیڈنٹ فیبیو میسیمو کسٹیلیڈو (Fabio Massimo Castalido)نے کہا کہ دنیابھر میں جہاں جہاں بھی انسانی حقوق کی پامالی ہوتی ہے اور ہم اسکے خلاف اپنی آواز بلند کرتے ہیں اور ہم کشمیریوں کے حق کے لئے بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لئے وہاں کی ڈیمو گرافی تبدیل کر رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بیالیس لاکھ جعلی ڈومیسائل جاری کر کے غیر قانونی طور پر ہندؤوں کی آباد کاری کی جا رہی ہے جس سے وہاں پر سول وار کا خطرہ ہے۔ یورپی یونین کو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہیے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور دونوں کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ کسی بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جو کہ پوری دنیاکے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ لہذا عالمی برادری بلخصوص یورپی یونین اور یورپی پارلیمنٹ کو برصغیر میں قیام امن کے لئے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا رول ادا کرے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close