مظفر آباد،آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کا یوم تاسیس،قائم مقام صدرچوہدری انوار الحق اور وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی کا خطاب

مظفرآباد(پی آئی ڈی ) آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کا 74واں یوم تاسیس ریاست بھر میں ملی جوش و جذبہ اور اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی یہ حکومت اپنی تمام تر توانائیاں تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی،آزادخطہ میں قانون کی عملداری اور گڈ گورننس کے قیام پر صرف کرے گی۔

اس سلسلہ میں مرکزی تقریب دارالحکومت میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی قائم مقام صدرآزاد جموں وکشمیرچوہدری انوار الحق تھے۔ مرکزی تقریب سے وزیر اعظم آزاد کشمیرسردار عبدالقیوم نیازی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے آغاز سے قبل آزادکشمیر پولیس،ریسکیو 1122، کمانڈوز اورگرلزگائیڈ کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی دی اس موقع پر پاکستان اور آزادکشمیر کے قومی ترانے بھی پیش کئے گئے۔تقریب میں وزراء حکومت،ممبران اسمبلی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹریز صاحبان،سول و عسکری حکام کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر آزادجموں وکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ آج اس قومی دن کو منانے کا مقصد تاریخ کو درست رکھنا اور آنے والی نسلوں میں تحریک کی جدوجہد کو منتقل کرنا ہے۔ آج اس عزم کا اعادہ کرنے کا دن ہے کہ 24اکتوبر 1947کو غازی ملت سردار ابراہیم خان کی قیادت میں قائم ہونے والی حکومت سے لے کر موجود حکومت تک سفر میں ہم نے کیا کھویا اور کیا پایا ہے۔ ہمارے اسراف اور ہمارا نظریہ ایک ہے،نظر یہ میں ملاوٹ کی کوششوں کو ہم نے مل کر ناکام بنانا ہے۔کشمیر ایک ناقابل تقسیم وحدت ہے۔ ہم پوری ریاست کے اندر استصواب رائے کے خواہاں ہیں۔ پوری ریاست جموں وکشمیر استصواب رائے کے ذریعے الحاق پاکستان کی منزل حاصل کرے گی۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے تمام بین الاقوامی فورسز پر مسئلہ کشمیر کو بہترین انداز میں اجاگر کیا اوراسے سرد خانے سے نکال کر ایک مرتبہ پھر زندہ کر دیا ہے۔وزیراعظم پاکستان عمران خان ہندوستان کے توسیع پسندانہ عزائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ صدر نے کہا کہ افواج پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور ہندوستان پر واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ جب تک خاکی وردی میں ملبوس ایک بھی سپاہی ہماری سرحدوں پر موجود ہے ہندوستان کے ناپاک عزائم کا میاب نہیں ہو سکتے۔کشمیری قوم ہندوستان کے فاشسٹ عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ ہم نے ماضی میں بھی ہندوستان سے ہر جنگ جیتی اور حال اور مستقبل میں بھی کامیابی حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں آج یوم تاسیس کے موقع پر وزیر اعظم آزادکشمیر کی سربراہی میں قائم ہونے والی حکومت کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں ااور انہیں اس ذمہ داری کا احساس دلاتا ہوں کہ انہوں نے اس”سٹیٹس کو“کو توڑاہے جس سے برسوں سے ہمیں یرغمال بنا رکھا ہے اور ریاست کے اندر قانون کی حکمرانی اور گڈ گورننس کے قیام کو یقینی بنانا ہے۔ اللہ نے آپ کو موقع دیا ہے کہ آپ اپنی کابینہ کی مشاورت سے یہاں ایسی حکومت قائم کریں کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کی جدو جہد میں برسر پیکار مظلوم کشمیریوں کو بھی اپنی جدوجہد میں تقویت ملے۔ اب وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزادہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا اور ہم اپنا یوم آزادی سرینگر میں منائیں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close