بیرسٹر سلطان محمود کی زیر صدارت وائس چانسلر ز کا اجلاس، ہر یونیورسٹی سے انفرادی بریفنگ لینے کا فیصلہ

اسلام آباد (پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی زیر صدارت ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں وائس چانسلرز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ اس موقع پر صدر ریاست جو کہ آزادجموں وکشمیر کی جامعات کے چانسلر بھی ہیں نے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ز پر زور دیا کہ وہ موثر انداز میں کام کریں تاکہ طلبہ تعلیمی اور تحقیقی شعبے میں بہتر انداز میں آگے بڑھ سکیں۔ اس سلسلے میں ٹیکنیکل ٹریننگ اور

دیگر علوم کے ذریعے طلبہ کی بہتر رہنمائی کی جائے تاکہ اندرون اور بیرون ملک بہتر روزگار مل سکے۔ اسی طرح بالخصوص ریسرچ کے شعبے پر توجہ دی جائے کیونکہ تحقیقی شعبے میں پیشرفت سے ہی ملکی ترقی ممکن ہے۔ صدر ریاست نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ میں اگلے ہفتے ہر یونیورسٹی سے انفرادی طور پر بھی بریفنگ لوں گا اور اس سلسلے میں یونیورسٹیز کو حائل مشکلات کو حل کرنے کے لئے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ انہوں نے آزادکشمیر میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ آزادکشمیر میں طلبہ محنتی ہیں اور یہاں کی شرح خواندگی پاکستان کے تمام صوبوں سے زیادہ ہے اس لئے طلبہ کو تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کے لئے بہترسہولیات فراہم کی جائیں۔ اس موقع پر صدر

ریاست جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وائس چانسلرز کو ہر طرح کے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کی ہر طرح سے معاونت کریں گے اور یونیورسٹیز کے انفرادی دورے کے بعد ایک ایسا نظام تعلیم رائج کرنے کی کوشش کریں گے جو کہ نہ صرف مقامی ضروریات کے مطابق ہو بلکہ عالمی معیار تعلیم کے مطابق ہو۔اس سے قبل وائس چانسلرز نے اپنی اپنی یونیورسٹی کے بارے میں بریفنگ دی اور درپیش مسائل سے صدر ریاست کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلرز کانفرنس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف آزاد جموں وکشمیرمظفرآبادپروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی، وائس چانسلر میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی مسٹ میرپور بریگیڈئیر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس جاوید، وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ پروفیسر ڈاکٹر محمد رسول جان، وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر دلنواز احمد گردیزی اور وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر باغ پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید نے شرکت کی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close