کشمیر کےلوگوں کیلئےمیری جان بھی حاضر ہے، آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم کا پہلا بڑا اعلان

مظفر آباد (پی این آئی)نومنتخب وزیراعظم آزادکشمیرسردارعبدالقیوم خان نیازی نےکہاہے کہ آزادجموں وکشمیر کےلوگوں کیلئےمیری جان بھی حاضر ہے ،آزاد کشمیر میں رول آف لا ءکی عملداری یقینی بنائینگے،کرپشن سے پاک ریاست ہمارا مشن ہو گا،پاکستان جیسے احتساب کے نظام کو آزادکشمیر میں بھی نافذ کرینگے۔اپنے بیان میں سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ چیئر مین پاکستان تحریک انصاف وزیراعظم پاکستان عمران خان کا مشکور ہوں ،وفاقی کابینہ اور وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور کا بھی شکریہ جبکہ خصوصی طور پر سردار تنویر الیاس خان ، تمام ممبران اسمبلی، صدر تحریک انصاف بیرسٹر سلطان محمود کا بھی مشکور ہوں ،اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے،ساری اپوزیشن ہماری اپنی ہے،یہ اسی ریاست کے رہنے والے لوگ ہیں،اپوزیشن ہونی چاہئے کیونکہ اپوزیشن کے بغیر تو پارلیمانی نظام ہی نہیں ہے،اتنے بڑے قد کاٹھ کے لوگ اپوزیشن میں ہیں تو ہم انہیں ویلکم کہتے ہیں۔ نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ شائد مجھے اس لئے یہ عہدہ ملا ہے کہ میں لائن آف کنٹرول کا رہنے والا ہوں، مجھ پر چار مرتبہ بھارتی گولہ باری ہو چکی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ نیازی میرا تخلص ہے، میں مغل ہوں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو جرات کے ساتھ عالمی فورمز پر پیش کرنے پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ،مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کردار بھی لائق تحسین ہے ، افواج پاکستان کو سلام پیش کرتا ہوں ۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان مخلص شخص ہیں،آزادجموں و کشمیر کے لوگوں کیلیے میری جان بھی حاضر ہے ۔انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات پر چیف سیکرٹری اور آئی جی آزادکشمیر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

close