آزاد کشمیر کے عوام 25 جولائی کولٹیروں اور بھگوڑوں کو عبرتناک شکست سے دوچار کرینگے، مراد سعید

ڈڈیال /آزاد کشمیر(آئی این پی)وفاقی وزراء نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی کے سفر سے محروم رکھا اور اپنے لئے لندن اور دبئی میں محلات قائم کرائے جب کہ ماضی کی حکومتوں نے پاکستان کی آزادی اور کشمیر کی آزادی کو دائو پر لگا رکھا تھا ۔ لیکن پہلی بار پاکستان کو عمران خان کی صورت میں نڈر اور خودار لیڈرملا ہے، 25 جولائی کو آزاد کشمیر کے عوام لٹیروں اور بھگوڑوں کو عبرتناک شکست سے دوچار کرینگے اور تحریک انصاف کی حکومت کی صورت میں حقیقی تبدیلی کا سورج طلوع ہوگا ، کلو انڈے اور درجن آلو کہنے والے بھی خود کو عوام کانمائندہ کہلواتے ہیں، پیپلز پارٹی اور نون لیگ کی باریاں اب نہیں چلیں گی، تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپوراوروفاقی وزیر مواصلات مراد سعیدنے آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب کیا ،مرادسعید نے خطاب میں کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے تحریک انصاف اور وزیر اعظم عمران خ ان کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے ۔ 25 جولائی کو آزاد کشمیر میں بھی تحریک انصاف کی حکومت ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی سیاستدان نے کہا کہ وہ کشمیر کا سفیر بن کر دکھائیں گے تو وہ لیڈر صرف عمران خان ہی ہے ۔ وزیر اعظم نے ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ بہادری سے پیش کیا جب کہ پاکستان کو عمران خان کی صورت میں ایک نڈر ، بہادر اور خود دار لیڈر ملا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے رہے ہیں اور پہلی کسی حکومت نے بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کاحق دینے کے لئے عملی اقدام کیا ہے ۔ سمندر پار پاکستانی ہمارا فخر ہیں اور انہیں ہرممکن سہولت دیں گے ۔ مراد سعید نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو کچرے کے ڈھیر میں بدلنے والے اب آزاد کشمیر کو بدلنے کی بات کرتے ہیں ۔ صوبہ سندھ میں صحت کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں جب کہ جو ایک صوبے میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین تک فراہم نہ کر سکے وہ کیا تبدیلی لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کلو انڈے اور درجن آلو کہنے والے بھی خود کو غریب عوام کے نمائندہ کہلواتے ہیں ۔ مراد سعید نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ نے ملک پر حکومت کے لئے باریاں لگا رکھی تھیں ۔ پیپلز پارٹی اور نون لیگ سے پوچھا جائے کہ انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام کے لئے کیا کام کیے ہیں ۔ پرچی چیئرمین پیپلز پارٹی کو عوام کی نہیں بلکہ اپنے ابو کی کرپشن کو بچانے کی فکر ہے ۔ انہوںنے کہا کہ 25 جولائی کو آزاد کشمیر میں حقیقی تبدیلی کا سورج طلوع ہوگا ۔ عوامی احتجاج سے خطاب میں وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی کے سفر سے محروم رکھا اور اپنے لئے لندن اور دبئی میں محلات قائم کرائے جب کہ ماضی کی حکومتوں نے پاکستان کی آزادی اور کشمیر کی آزادی کو دائو پر لگا رکھا ۔ لیکن پہلی بار پاکستان کو عمران خان کی صورت میں نڈر اور خودار لیڈرملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں یونیورسٹیز کا جال بچھانا اور عوام کو روزگار فراہم کرنا تحریک انصاف کا منشور ہے ۔ 25 جولائی کو آزاد کشمیر کی عوام اپنی آئندہ نسلوں کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی عمران خان کے ذریعے ہی ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close