آزاد کشمیر میں الیکشن کا ماحول بن چکا ہے، جماعتی کارکن صبر و استقامت کے ساتھ کام جاری رکھیں، سردار عتیق احمد خان

راولپنڈی/ مظفرآباد (پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس کسی حادثے کی پیداوار نہیں، ریاست جموں وکشمیر میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی نمائندہ جماعت ہے، اقتدار ہماری منزل نہیں، گزشتہ 10 سالوں میں کئی بار اقتدار کی پیشکش ہوئی لیکن نظریہ، عقیدہ، اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، آزاد کشمیر میں الیکشن کا ماحول بن چکا ہے، جماعتی کارکن صبر و استقامت کے ساتھ جماعت کی مضبوطی کے لئے کام جاری رکھیں، ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز مجاہد منزل راولپنڈی میں آئے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وفود میں ٹھیکیدار سردار شاہد عباسی، سردار الیاس، طلباء ونگ کے وائس چیئرمین عامر نور عباسی، نیئر زبیر عباسی، سردار عتیق احمد نے کہا کہ نواز لیگ کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے پریشان حل لوگوں کو مسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہماری جدوجہد کا بنیادی نقطہ ہے، ہر طرف مایوسی کے بعد آزاد کشمیر کے لوگوں کی نظریں مسلم کانفرسن کی جانب مرکوز ہیں، مسلم لیگ ن کے دور اقتدار میں آزاد کشمیر کے جملہ محکموں کے ملازمین سراپا احتجاج ہیں، ٹیچرز، وکلاء، صحافیوں پر ڈنڈے برسائے گئے حتیٰ کہ مزدور طبقہ کو بھی نہ بخشا گیا، پونچھ ڈویژن میں پرامن احتجاج کرنے والوں کو پابند سلاسل اور پولیس گردی کا انتہاء کروائی گئی، مسلم لیگ ن نے پاکستان جیسا ماحول آزاد کشمیر میں بنائے رکھا، کشمیر عوام تیاررہیں ان سب زیادتیوں کا حساب لینے کا وقت آچکا ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنسی کارکن اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھتے ہوئے آمدہ الیکشن کی بھرپور تیاری کر لیں،سردار عتیق احمد خان نے مذید کہا کہ اس وقت سب کو ملکر کرونا وباء سے لڑنا ہوگا اور اس وباء سے لڑنے کے لئے حکمت و احتیاط انتہائی ناگز یر ہے، اللہ نہ کرے کہ ہندوستان جیسے حالات ادھر پیدا ہوں، ہماری چھوٹی سے لاپرواہی اور غفلت بہت سارے بے گناہوں کی جان لے سکتی ہے،کرونا وائرس کی تیسری لہر انتہائی خطرے ناک ہے عوام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے حالات کی نذاکت کا خیال رکھیں، آزاد کشمیر کے عام انتخابات آنے والے ہیں اور ہماری غفلت انتخابات کا عمل بھی متاثر کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت جاتے جاتے اور کچھ نہیں تو شہریوں پر ترس کھا ڈینگی سے بچاؤ کی خاطر بلدیاتی ملازمین جو کہ سراپا احتجاج ہیں کی پنشن سمیت دیگر مطالبات کو پورا کیا جائے ورنہ کسی بھی طرح کے نقصان کی ذمہ دار حکومت آزاد کشمیر ہوگی۔۔۔۔۔

close