یوم مئی دنیا بھر کے مزدوروں اور محنت کشوں کی عظمت کے اعتراف کا دن ہے، سردار عتیق احمد خان

راولپنڈی، مظفرآباد (پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ یوم مئی دنیا بھر کے مزدوروں اور محنت کشوں کی عظمت کے اعتراف کا دن ہے، آج کروناوائریس کی عالمگیر وبا اور لاک ڈاؤن کے باعث یہی طبقہ سب سے زیادہ مشکلات کا شکار ہے، مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ یوم مئی مزدوروں کے حقوق اور جدوجہد سے وابستہ ہے، اسلام نے محنت کشوں کو عزت و تکریم کی بخشی ہے، محنت کش کو خدا کا دوست کہا گیا ہے، اسلام نے مزدوروں کے استحصال کا سلسلہ ختم کرکے انہیں عزت و تکریم دینے کی بات کی ہے، سردار احمد خان نے کہا کہ آج عالم گیر وباء کے باعث لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ متاثر محنت کش طبقہ ہے، آج مزدوروں کے حقوق کا عالمی دن صرف نعروں اور بیانات سے منانے کے بجائے ان کی عملی مدد کی جانی چاہیے، لاک ڈاؤن کے باعث متاثرہ دیہاڑی دار طبقہ کی مشکلات کا ازالہ ہونا چاہیے، آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہر مخیر حضرات اپنے ارد گرد محنت کش طبقے کی معاشی ضرورتو ں کا خیال کرے، انھیں کسی مشکل کا شکار نہ ہونے دیا جائے، اگر یہ جذبہ ہر شخص میں پیدا ہو جائے تو کوئی بھی شخص بھوک و افلاس کا شکار نہ ہو، انھوں نے کہا کہ اسلام کے سنہری اصولوں پر چل کر ہم محنت کش اور مزدوروں کی عظمت کو حقیقی طور پر منواسکتے ہیں، دریں اثنا قائد مسلم کانفرنس سے مجاہد منزل راولپنڈی میں راجہ نعیم منصف داد، راجہ عابد ایوب، مسلم کانفرنس سوشل ونگ کی چیئرپرسن سمعیہ ساجد راجہ، سید یاسر نقوی ایڈووکیٹ، میر افتخار احمد، راجہ ندیم طارق، آفتاب احمد سلہریا، بلال حمید مغل، سردار اسد، مسلم کانفرنس حلقہ لیپہ کے مرکزی رہنماء کرنل ریٹائرڈ اختر اعوان، ڈاکٹر عابد عباسی، گوہر الزمان عباسی ایڈووکیٹ ودیگر نے بھی ملاقاتیں کی، اس کے علاوہ سہنسہ سے راجہ خلیل نوابی ایڈووکیٹ، سردار بابر منگول، الیاس مصطفوی ودیگر نے ملاقات کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان کی عیادت کی اور صحت یابی پر مبارکبادیں پیش کیں، اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے موجودہ سیاسی و آمدہ انتخابات، کرونا وائرس سے درپیش عوامی مسائل، مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close