صحت کارڑ کی ہر شخص کو فراہمی نے آزاد کشمیر میں وزیراعظم عمران خان کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ کیا ہے، بیرسٹر سلطان محمود

میرپور (پی این آئی) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے سے کشمیریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے آزاد کشمیر مقبوضہ کشمیر اور بیرون

ملک مقیم کشمیریوں نے وزیراعظم عمران خان کے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے پر خوشی و مسرت کا اظہار کیا ہے کیونکہ کشمیری عوام یہ سمجھتی ہے کہ کشمیر ایشو کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر میں ہر شخص کو صحت کارڈ فراہم کیا ہے صحت کارڑ کی بلا تخصیص ہر شخص کو فراہمی نے آزاد کشمیر میں وزیراعظم عمران خان کی مقبولیت و پسندیدگی میں بے پناہ اضافی کیا ہے۔ خواتین کے حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم معاشرے میں خواتین کے حقوق کی فراہمی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے خواتین معاشرے کا اہم ترین حصہ ہیں خواتین کی شمولیت کے بغیر آج کے دور میں ترقی و کامرانی کا تصور بھی ممکن نہیں آج کے دور میں وہی قومیں ترقی کے افق پر کمندیں ڈال سکتی ہیں جن قوموں کی خواتین ہر شعبہ میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کرتی ہیں پاکستان تحریک انصاف بنیادی طور پر نوجوانوں اور خواتین کی جماعت ہے خواتین کو ہر شعبہ میں نمایاں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا پاکستان تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے آزاد کشمیر میں ہم برسر اقتدار آ کر خواتین کے حقوق کی فراہمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں گے اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں میں دو گنا اضافہ کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہارانھوں نے میرپور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

حکومت آزاد کشمیر محکمہ صحت عامہ کے ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک بند کرے ملازمین کے پانچ نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ میں شامل مطالبات کو فوری طور پر حل کرے پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے صحت عامہ کے ملازمین نے کرونا وائرس کے دوران مشکل حالات میں اپنی خدمات سر انجام دی ہیں محکمہ صحت عامہ کے ملازمین کرونا وائرس کے دوران فرنٹ لائن سولجر کا کام کر رہے ہیں۔میرپور میں حالیہ لاک ڈاؤن نے عوام بالخصوص تاجر برادری کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے۔میں شروع دن سے کہہ رہا ہوں کہ لاک ڈاؤن کی بجائے حکومت ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنا کر تاجر برادری کو کاروبار کی اجازت دے لیکن آزاد کشمیر کی نااہل و نالائق حکومت ایس او پیز پر عمل درآمد کی بجائے لاک ڈاؤن لگا کر کرونا وائرس کی وجہ سے مشکلات کا شکار عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیتی ہے کرونا وائرس کب ختم ہو گا کسی کو معلوم نہیں۔ہم حفاظتی اقدامات کے ذریعے ہی کرونا وائرس کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close