آزاد کشمیر میں کڑے احتساب کے بغیر سیاسی تبدیلی بے معنی ہوگی، گلزار فاطمہ

مظفرآباد (پی این آئی) سابق رکن اسمبلی اور انصاف وویمن ونگ کی جنرل سیکرٹری گلزارفاطمہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے حالات کڑے اور بے رحم احتساب کا تقاضا کرتے ہیں۔اس خطے کے وسائل کو ذاتی تجوریوں میں بھرنے والے سیاست دانوں اور بیوروکریٹس کو جواب دہی کے عمل سے گزارے بغیر کوئی بھی

سیاسی عمل بے معنی رہے گا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کا کلچر اس انداز سے فروغ دیاگیا ہے کہ یہاں قومی املاک اور وسائل کوذاتی سمجھ کر ہاتھ صاف کرنا عام سی بات ہے۔ احتساب کے عمل کے نہ ہونے اور احتساب کے اداروں کے غیر فعال ہونے نے بدعنوانی کے اس کلچر کو مضبوط بنایا ہے۔کرپشن،اقربا پروری اور میرٹ کی پامالی نے اس خطے کے نوجوانوں کو حالات سے مایوس کرنے میں اہم کردار ا دا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں احتساب کی ہوائیں چل رہی ہیں اور یہ احتساب کا یہ عمل آزادکشمیر میں شروع ہونا وقت کاتقاضا ہے۔اس کے بغیر کوئی سیاسی تبدیلی قطعی بے معنی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے عین مطابق تحریک انصاف آزاد کشمیر کے روایتی،بوسیدہ اور کرپشن پر مبنی کلچر کو تبدیل کرنے اورنوجوانوں کو امید دلانے کا عزم اور پروگرام لے کر اُٹھی ہے آمدہ انتخابات میں آزادکشمیر کے عوام اس پروگرام کی حمایت ووٹ کے ذریعے کریں گے۔انہوں نے کہا احتساب کے اداروں کو عضو معطل بنا کر کرپشن کلچر کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو اپنے اس عمل کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی روایات کو تبدیل کئے بنا جمہوریت اور وسائل میں اضافے کے اثرات عام آدمی تک پہنچنا ممکن نہیں اس لئے وقت آگیا کہ پرانے سسٹم کو مکمل طور پر تبدیل کرکے ایک نئے سیاسی کلچر کی بنیاد

ڈالی جائے۔۔۔۔

close