دنیا جان چکی ہے کہ بھارت جنوبی ایشیا کے امن کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے، صدر آزاد جموں کشمیر مسعود خان اور قومی کشمیر کمیٹی کے سربراہ شہریار آفریدی کی بات چیت

اسلام آباد (پی این آئی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان اور قومی اسمبلی کے پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے سربراہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر ننگی جارحیت اور پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے کے ثبوت سامنے آنے کے بعد بھارت کے بارے میں دنیا حقیقت جان چکی

ہے۔ یہ ایک مصدقہ دہشت گرد ملک ہے جو نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ دنیا کے امن و سلامتی کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی کے ہمراہ سی ایم ایچ مظفرآباد میں بھارتی فوج کی گولہ باری سے لائن آف کنٹرول پر زخمی ہونے والوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں کی طرف سے شدید مزاحمت اور وہاں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے بھارت آزاد کشمیر کے نہتے اور بے گناہ شہریوں کو اپنی ننگی جارحیت کا نشانہ بنارہا ہے۔ لیکن ہم بھارت پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اس کی بذدلانہ اقدامات مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام کو جدوجہد آزادی سے روک سکتے ہیں اور نہ ہی آزاد کشمیر کے لوگوں کو مقبوضۃ کشمیر کے بھائیوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے سے باز رکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر افواج پاکستان کے حوصلے بلند ہیں اور آزاد کشمیر کے پانچ لاکھ شہری دشمن کے گولوں اور بموں کا بہادری اور جرات سے سامنا کر رہے ہیں جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یقین دلاتے ہیں کہ افواج پاکستان ان کی جان و مال کی حفاظت سے غافل ہیں اور نہ ہی مشکل کی اس گھڑی میں حکومت آزاد کشمیر انہیں تنہا چھوڑے گی۔ حکومت کے ادارے اور متعلقہ محکمے بھارتی گولہ باری سے پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کے لیے متحرک انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ بھارت کو ایک سفاک دشمن قرار دیتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت سے شدید زخمی ہونے والوں سے مل کر ہمارا دل دھل گیا کہ بھارت کی قابض فوج کس قدر انسانی اقدار سے تہی دامن ہے۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے نہ صرف آزاد کشمیر کے نہتے شہری شہید اور زخمی ہوئے بلکہ ان کے گھروں، فصلوں اور باغات کو بھی جلا کر خاکستر کر دیا گیا۔ بھارت کے ان تمام بزدلانہ اقدامات کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کے بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت پر آزاد کشمیر اور پاکستان کی ریاست کو سزا دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے شہریوں کے تحفظ کے لیے بنکروں کی تعمیر اور گولہ باری سے شہید اور زخمی ہونے والوں کو معاوضہ جات کی ادائیگی کے عمل میں تیزی لائی جا رہی ہے۔ لیکن اگر بھارت کی طرف سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رہا تو ہم اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی کی طرف سے آزاد کشمیر کا دورہ کر کے لائن آف کنٹرول پر زخمی ہونے والوں کی عیادت کرنے اور حکومت پاکستان کی طرف سے کشمیری عوام کی حمایت کا اعادہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اور شہریار آفریدی جلد نیلم ویلی کا دورہ کریں گے۔ صدر آزاد کشمیر نے سی ایم ایچ مظفرآباد میں زیر علاج زخمیوں کے علاج معالجہ کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے سی ایم ایچ کے کمانڈنٹ اور پوری انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی نے کہا کہ وہ لائن آف کنٹرول پر پوری جرات اور بہادری سے بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے والے پاک فوج کے جوانوں اور افسروں اور اپنے پانچ لاکھ بہادرشہریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کے جذبے کو ہم سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا

کہ بھارت کے انتہا پسند حکمرانوں کے جنگی عزائم نہ صرف اس خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں بلکہ یہ خود بھارت کے عوام کے ساتھ بھی کھلی دشمنی ہے جو پوری بھارتی قوم کو جنگ کی بھٹی میں جھونکنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی فوج کی وردی پہن کر راجھستان میں گھوم رہا ہے اور جنگی جنون کو ہوا دے رہا اور یہ ان کے رائزنگ اور شائننگ انڈیا کے دعووں کی نفی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کو جارحیت کا نشانہ بنانا ظلم ہے۔ جس کا اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں کو نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کل ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس کر کے بھارت کے پاکستان کے اندر دہشت گردی کے تمام ثبوت سامنے لائے ہیں اور یہ تمام ثبوت اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے سامنے رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایک غیرت مند قوم ہے بھارت انکی غیرت کو للکارنے سے پہلے 26 فروری کو یاد کرلے جب اس کے غرور کو ہماری بہادر افواج نے خاک میں ملایا تھا۔ ہم امن اور جنگ دونوں کی اہمیت کو سمجھتے ہیں اور امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ آزاد کشمیر، پاکستان اور گلگت بلتستان کا بچہ بچہ ، جوان اور بزرگ کشمیریوں کے ساتھ ہے اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح پیغام دیا ہے شیر کی ایک دن کی زندگی گیدڑ کی سو سال کی زندگی سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی بزدل فوج نہتے شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا تی ہے۔ جبکہ ہماری فوج صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بناتی ہے کیونکہ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے شہری بھی ہمارے بہن بھائی ہیں اور ہم انہیں اپنا شہری سمجھتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close