پی ٹی آئی اتحادی سیاست دفن کرچکی ہے، راجہ منصور خان، سردار امتیاز برسراقتدار آ کر پسماندہ علاقوں کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکیج لائیں گے، ارشاد محمود

تھوراڑ (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کو آزادکشمیر اور بلخصوص پونچھ میں بیساکھیوں کی ضرورت نہیں۔ اپنا الیکشن خود لڑیں گے اور حکومت بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی آزادکشمیر راجہ منصور خان نے ورکر کنونشن حلقہ پانچ پونچھ سردی بھالگراں میں کارکنان کے ایک بڑے

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راجہ منصور نے کہا کہ پی ٹی آئی برسراقتدار آکر پہلے تین ماہ میں بلدیاتی الیکشن کرا کر اقتدار گاؤں اور محلے کی سطح پر منتقل کردے گی۔ نوجوان سیاست دانوں کی ایک پوری نسل تیار کرے گی تاکہ بدعنوان اور نااہل سیاست کے نام دھبوں سے قوم کو نجات ملے۔ ورکرز کنونشن میں مقررین نے متفقہ طور پر مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی کا حلقہ پانچ میں اپنے امیدوار کو الیکشن لڑانا چاہیے۔ دوسری جماعتوں سے اتحاد یا سیاسی ایڈجسمنٹ کو کارکنان پسند نہیں کرتے۔ کنونشن میں پونچھ اورسدھنوتی کے پارٹی عہدیدران نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماسردار امتیاز خان نے کارکنان کو یقین دلایا کہ پارٹی حلقہ پانچ میں اپنا امیدوار لائے گی اور الیکشن بھی جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد اورکارکنان کے مطالبہ کے پیش نظر پی ٹی آئی اتحادی سیاست کو دفن کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرح آزادکشمیر میں چوروں اور لوٹیروں کے خلاف احتساب کا شکنجہ کسا جائے گا ان کا یوم حساب آچکا ہے اسی لیے وہ پی ٹی آئی کے خلاف زیریلا پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں۔ کنونشن کے میزبان ضلع پونچھ کے جنرل سیکرٹری سردار خالد ابراہیم نے کہا کہ وہ پارٹی متحدہ ہے اورمرکزی پارٹی جو بھی فیصلہ کرے گی تمام کارکنان اس کے پابند ہوں گے۔ انہوں نے بڑی تعداد میں کارکنان کی اس دورافتادہ علاقہ میں آمد پر شکریہ ادا کیا۔ سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے کہا کہ پی ٹی آئی برسراقتدار آکر پسماندہ علاقوں کےلیے خصوصی ترقیاتی پیکیج لائیں گے تاکہ ان کی پسماندگی او رمحرومیوں کا ازالہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد اور میرپور ڈویژن میں پی ٹی آئی بڑے مارجن سے جیت رہی ہے۔ پونچھ کو پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔ یہ موقع ہے کہ ستر سال سے مسلط اجارہ داروں کی سیاست کا جنازہ نکالا جائے اور نئی قیادت کو موقع دیا جائے۔انہوں نے امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ سردی بھالگراں سات دہائیوں گزرنے کے باجود ابھی تک پسماندہ ہے اور شہری بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ ورکر کنونشن سے سردار شاہد، سردار عتیق سخاوت، سردار اورنگزیب خان، سردار ساحل محمود، سردار عثمان ضیاء، سردار سعود افتخار،سردار ماجد شریف، سردار ارشد نیازی، سردار عامر رفیق،سردار جمیل، سردار عتیق،سردار ساجد اعظم، عاصم رشید، عبدلجبار، ریاض کیانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔۔۔۔

close