ٹرمپ کا وسط مدتی انتخابات سے قبل ایران پر حملہ نہ کرنے کا اعلان

*ٹرمپ کا اعلان – وسط مدتی انتخابات سے قبل ایران پر حملہ نہیں ہوگا*

 

امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا 3 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل ایران پر حملہ نہیں کرے گا۔

 

رائٹرز کے مطابق ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر کہا کہ ایران سے مثبت مذاکرات ہو رہے ہیں۔ یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب جنگ ختم کرنے اور آبنائے ہرمز کو کھولنے پر بات چیت جاری ہے، تاہم ایران کی تازہ تجویز مسترد ہو چکی ہے۔

 

فروری میں امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد شروع جنگ کے اثرات امریکی معیشت پر پڑ رہے ہیں، تیل مہنگا ہونے سے مہنگائی بڑھی ہے۔ رائٹرز/اِپسوس سروے کے مطابق 60 فیصد امریکی ایران پالیسی سے ناخوش ہیں۔

 

دوسری جانب ایران نے یورینیم افزودگی ترک کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ امریکا، اسرائیل ایران پر جوہری ہتھیار بنانے کا الزام لگاتے ہیں، جس کی تہران تردید کرتا ہے۔ آبنائے ہرمز کی بندش عالمی تیل منڈی کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے۔