بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کے حوالے سے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے توسیعی فنڈ سہولت اور موسمیاتی تبدیلی پروگرام کے تحت اقساط کی منظوری کے ساتھ سخت مطالبات کیے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان کو ای ایف ایف کی پانچویں قسط میں ایک ارب ڈالر اور آر ایس ایف پروگرام کے تحت چوتھی قسط میں 21 کروڑ ڈالر ملیں گے۔
آئی ایم ایف نے وزیراعظم شہباز شریف کی پیٹرول سبسڈی اسکیم کو مرحلہ وار ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اس اسکیم کو مزید وسعت نہ دی جائے بلکہ صرف مستحقین تک محدود رکھا جائے۔
فنڈ نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات جاری رکھنے، واجبات کی وصولی بہتر بنانے، پیداواری لاگت کم کرنے اور گیس سیکٹر کے نقصانات کم کرنے پر بھی زور دیا ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق مالی سال 2025 میں صحت اور تعلیم پر معیشت کا صرف 2.2 فیصد اور مالی سال 2026 میں 2.5 فیصد خرچ ہوا، جو اہداف سے کم ہے، اور رواں مالی سال 2027 میں اسے بڑھا کر 2.8 فیصد کیا جائے۔
واضح رہے کہ حکومت نے تین ماہ کی فیول ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل سواروں کو ماہانہ 20 لیٹر اور 800 سی سی تک گاڑیوں کو 30 لیٹر پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کے لیے 75 ارب روپے مختص کیے تھے۔






