میر رضا کیس میں اہم پیشرفت سامنے آ گئی

نوجوان تاجر میر رضا علی قتل کیس میں آئی جی سندھ نے نئی پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

نئی تحقیقاتی کمیٹی میر رضا کی قبر کشائی کے بعد ہونے والے دوسرے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں تضاد سامنے آنے کے بعد قائم کی گئی ہے۔

ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹی گیشن سندھ عامر فاروقی کو تحقیقاتی ٹیم کا چیئرمین جبکہ ایس ایس پی آر آر ایف الفلاح سید محمد علی رضا کو تحقیقاتی ٹیم کا سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔

کمیٹی میں ایس پی انویسٹی گیشن کورنگی قیس خان، ایس پی انویسٹی گیشن سینٹرل انعم تجمل اور ایس آئی او تھانہ زمان ٹاؤن انچارج غضنفر بھی شامل ہیں۔

نئی تحقیقاتی ٹیم میر رضا کیس کی جامع اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے گی اور کیس کے تمام متعلقہ پہلوؤں کا دوبارہ جائزہ لے گی۔ ٹیم نئے اور اضافی شواہد کی نشاندہی، انہیں جمع اور محفوظ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کا تجزیہ بھی کرے گی۔

تحقیقاتی ٹیم کیس سے متعلق تمام فزیکل، ٹیکنیکل، واقعاتی اور فرانزک شواہد کا بھی جائزہ لے گی۔ تحقیقات میں معاونت کے لیے ضرورت پڑنے پر کسی بھی افسر کو ٹیم میں شامل کیا جاسکے گا۔

آئی جی سندھ نے تحقیقاتی ٹیم کو کیس کی پیش رفت سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے اور تمام ممکنہ اقدامات کرتے ہوئے مقررہ مدت کے اندر متعلقہ عدالت میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔