وزیرِ داخلہ کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات، علاقائی اور عالمی امن پر تبادلہ خیال

وزیر داخلہ محسن نقوی کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات، علاقائی اور عالمی امن پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں علاقائی صورتحال، عالمی امن و سلامتی اور مختلف بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران مغربی ایشیا میں جاری تنازعات کے خاتمے، خطے میں امن کے قیام اور کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات اور اقوام متحدہ کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے قیامِ امن مشنز کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا، خصوصاً ان مشنز میں پاکستان کے کردار اور طویل عرصے سے جاری خدمات کو سراہا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے مختلف چیلنجز کے باوجود علاقائی امن، استحکام اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی امن کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھاتا رہا ہے اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستانی اہلکاروں کی خدمات اس عزم کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی امن و استحکام کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز کی کامیابی کے لیے حقیقت پسندانہ مینڈیٹ، واضح حکمت عملی اور مناسب وسائل کی فراہمی انتہائی ضروری ہے تاکہ یہ مشنز مؤثر انداز میں اپنے مقاصد حاصل کر سکیں۔

ملاقات کے دوران عالمی امن کو درپیش چیلنجز، بین الاقوامی تعاون اور مستقبل میں امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی بات چیت کی گئی۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی امن اور سلامتی کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی مسلسل شراکت اور خدمات پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعاون کو اہم قرار دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close