صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اطالوی وزیر اعظم پر طنز، تصویر کے لیے منت سماجت کا دعویٰ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے متعدد بار ان کے ساتھ تصویر کھنچوانے کی درخواست کی۔

ٹرمپ کے مطابق میلونی نے فرانس میں ہونے والی جی سیون ملاقات کے دوران بھی تصویر کے لیے اصرار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی میں جارجیا میلونی کی مقبولیت کم ہو رہی ہے اور اس کی ممکنہ وجہ ایران معاملے پر امریکا کے مؤقف سے اختلاف ہے۔

امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ اٹلی اور نیٹو اتحادیوں کے تحفظ پر امریکا سالانہ اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے، جبکہ ایران کے معاملے پر پیش رفت کے بعد میلونی دوبارہ تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم ان کا جواب “نو تھینکس” تھا۔

اس سے قبل ٹرمپ نے ایک ٹی وی انٹرویو میں بھی یہی مؤقف اختیار کیا تھا، جس پر اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کے بیانات من گھڑت ہیں۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک اتحادی ملک کا سربراہ اس طرح کا رویہ اختیار کرے گا، اس کی توقع نہیں تھی۔

تازہ سفارتی کشیدگی کے بعد امریکا اور اٹلی کے تعلقات میں تناؤ بڑھ گیا ہے، اور اطلاعات کے مطابق اطالوی وزیر خارجہ نے آئندہ ہفتے کا امریکا کا طے شدہ دورہ بھی منسوخ کر دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close