یکم جولائی سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام صارفین کو کتنی رقم ملے گی؟ بڑی خوشخبری آگئی

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے سہ ماہی وظیفہ بڑھا کر 18,000 روپے کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، جولائی سے تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو دی جانے والی سہ ماہی امدادی رقم بڑھا کر 18,000 روپے کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔

اس اقدام کا مقصد ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیشِ نظر کم آمدنی والے غریب خاندانوں کو اضافی مالی ریلیف فراہم کرنا ہے

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے اس تاریخی اضافے کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی ملک کے غریب اور پسماندہ طبقات کے لیے معاشی سہارے اور خواتین کی مالی خودمختاری کا سب سے بڑا اور کلیدی ذریعہ ہے۔

انہوں نے پروگرام کے خلاف کیے جانے والے منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ حکومت مستحقین کے حقوق کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وظیفے میں کیا جانے والا یہ اضافہ سماجی تحفظ کے اقدامات کو مضبوط بنانے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے، جس کا باقاعدہ اطلاق آئندہ مالی سال سے ہوگا۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے پروگرام میں شفافیت لانے کے لیے ایک اور بڑے انقلابی اقدام کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یکم جولائی سے تمام مستحقین کو رقم کی منتقلی روایتی طریقوں کے بجائے ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق بی آئی ایس پی کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جا رہا ہے جس کے تحت اب 35 سال سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ خواتین کو بھی اس سماجی بہبود کے پروگرام میں شامل کر کے مالی امداد دی جائے گی

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close